ایران اسرائیل کشیدگی، پٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کا فیصلہ،18 رکنی کمیٹی قائم

Mar 02, 2026 | 09:41:AM
ایران اسرائیل کشیدگی، پٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کا فیصلہ،18 رکنی کمیٹی قائم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) ایران اسرائیل جنگ کے تناظر میں ممکنہ علاقائی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 18 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر پیٹرولیم اور وزیر پاور بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

 اس کے علاوہ سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور طلب و رسد کی صورتحال کا جائزہ لے۔

 کمیٹی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحان اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ رد و بدل کی صورتحال کو بھی مانیٹر کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل اور مستحکم سپلائی یقینی بنانے کے لیے عملی تجاویز بھی پیش کرے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کے پیش نظر پیشگی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں ایندھن کی قلت یا قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، خام تیل کی قیمت میں اضافہ، سونا بھی مہنگا ہو گیا