پی او اے کا 20ویں ایشین گیمز آئیچی ناگویا کی تشہیر کیلئے میڈیا بریفنگ کا انعقاد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) نے پی او اے ہاؤس، لاہور میں ایک میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا۔ یہ بریفنگ 20ویں ایشین گیمز آئیچی ناگویا 2026 کے سلسلے میں منعقد ہونے والی "او سی اے فن رن" (OCA Fun Run) کی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔
اس بریفنگ میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر میاں عارف سعید، سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود، آئیچی ناگویا 2026 آرگنائزنگ کمیٹی کے نمائندوں مسٹر ہیروشی ساکائی اور مسز ازوسا ڈوڈو، او سی اے کے مندوبین مسٹر انتھونی الطاحش اور مسٹر زاہد حفیظ سمیت میڈیا کے نمائندوں اور پی او اے کی اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔
حکام نے او سی اے فن رن پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے اولمپک اور ایشین اسپورٹس موومنٹ کی بنیادی اقدار، بشمول دوستی، اتحاد، عمدگی اور صحت مند طرزِ زندگی کے جشن کے طور پر پیش کیا۔ اس اقدام کا مقصد ایشیا بھر کے ایتھلیٹس، طلبہ، اسپورٹس لیڈرز، خاندانوں اور کمیونٹیز کو متحرک کرنا ہے، تاکہ آنے والے ایشین گیمز کے لیے جوش و خروش اور آگاہی پیدا کی جا سکے۔
صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مندوبین نے فن رن کی تیاریوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور اولمپک فیملی اور پارٹنر تنظیموں کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے این او سی (NOC) پاکستان کے زیر اہتمام آرٹ ورک کے ذریعے ایشین گیمز میں نوجوانوں کی دلچسپی اور پینٹنگ کے مقابلے کی خاص طور پر تعریف کی۔ موصول ہونے والے 156 فن پاروں (آرٹ ورکس) میں سے چار کو غیر ملکی مندوبین پر مشتمل کمیٹی نے شارٹ لسٹ کیا ہے، جنہیں ایشین گیمز 2026 کی آرگنائزنگ کمیٹی کو بھیجا جائے گا تاکہ آئیچی ناگویا ایشین گیمز 2026 کے دوران ان کی نمائش کی جا سکے۔
گیمز کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے آرگنائزنگ کمیٹی اور او سی اے کے نمائندوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ تیاریاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے ایک عالمی معیار کے ایونٹ کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا اور آئیچی ناگویا 2026 کی تیاریوں میں ایشیا بھر کی نیشنل اولمپک کمیٹیوں کے تعاون کا اعتراف کیا۔ وفد نے گرمجوشی سے استقبال کرنے پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔