صدرِ مملکت ،وزیراعظم ،وزیر داخلہ کا بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

Jun 02, 2026 | 22:18:PM
صدرِ مملکت ،وزیراعظم ،وزیر داخلہ کا بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) صدرِ مملکت آصف علی زرداری, وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی  نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر آپریشنز کے دوران 17 دہشتگردوں کی ہلاکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا، انہوں نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ فتنۂ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے کارروائیوں میں 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے مؤثر اور بروقت کارروائی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں پوری قوم کے عزم اور اتحاد کی عکاس ہیں، اور قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شہباز شریف کے مطابق ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، جبکہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت میں شکست دی جائے گی۔

دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے بلوچستان کے مختلف اضلاع  میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے 17 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، 17 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ پوری قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر مان ہے ،دہشتگردی کے خلاف قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :مردان  میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت3افراد جاں بحق