خیبر پختونخوا حکومت کا فنکاروں کیلئے بڑا اعلان: 574 فنکاروں میں اعزازیہ تقسیم، انڈومنٹ فنڈ قائم

Jun 02, 2025 | 21:07:PM
خیبر پختونخوا حکومت کا فنکاروں کیلئے بڑا اعلان: 574 فنکاروں میں اعزازیہ تقسیم، انڈومنٹ فنڈ قائم
کیپشن: علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان)خیبر پختونخوا حکومت نےفنکاروں کیلئے بڑا اعلان کرتے ہوئے 574فنکاروں اور ہنر مندوں کو فی کس ایک لاکھ روپے اعزازیہ کے چیکس تقسیم کیے،فنکاروں کے لیے 500 ملین روپے مالیت کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نشتر ہال کی فیس نصف کرنے کا اعلان بھی کیا۔ 

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے کے فنکاروں اور ہنر مندوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،تقریب میں مختلف شعبہ ہائے فن سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور ہنر مندوں کو فی کس ایک لاکھ روپے اعزازیہ کے چیکس تقسیم کیے گئے، مجموعی طور پر 574 فنکاروں کو چیکس دیے گئے جن کی کل مالیت 5 کروڑ 74 لاکھ روپے بنتی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے فنکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنکار معاشرے کا آئینہ اور مثبت چہرہ ہوتے ہیں جو اپنے فن کے ذریعے انسانی قدروں کو اجاگر کرتے اور معاشرتی برائیوں کو بے نقاب کر کے اصلاح کی راہ ہموار کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جہاں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، وہیں فنکاروں نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے فنکاروں کی مالی معاونت کے حوالے سے کئی اہم اعلانات بھی کیے  جن میں فنکاروں کو ملنے والی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کرنے،مستفید ہونے والے فنکاروں کی تعداد دوگنا کرنے کا فیصلہ،فنکاروں کے لیے 500 ملین روپے مالیت کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نشتر ہال کی فیس نصف کرنے کا اعلان بھی شامل ہے اس کے علاوہ ،وزیر اعلیٰ نے فنکاروں کی فلاح کے لیے قائم کمیٹی میں تمام شعبوں کے فنکاروں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ 
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے ادب، مصوری، اداکاری اور گلوکاری سمیت فن کے مختلف شعبوں میں بڑے بڑے نام پیدا کیے  جنہوں نے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی صوبے کا نام روشن کیا۔

انہوں نے محکمہ ثقافت کو ہدایت کی کہ فنکاروں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام فنون میں سرگرمیوں کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی دہشتگردی رُکنے تک امن قائم نہیں ہو سکتا :بلاول بھٹو زرداری