شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم معاملات زیر غور
Stay tuned with 24 News HD Android App
( اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پٹرولیم بحران پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء نے شرکت کی، توانائی بحران پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں توانائی کے ممکنہ بحران پر غور کیا گیا، حکومت کے کفایت شعاری اقدامات اور توانائی کی بچت سے متعلق مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئے، وفاقی حکومت نے صوبوں سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں حصہ ڈالنے کا مطالبہ کیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل بوجھ صارفین پر منتقل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ چین پر بریفنگ دی، ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے متعلق آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:عوامی خدمت میں محسن اسپیڈ:وزیر داخلہ کاصرف4 گھنٹے میں چار مختلف منصوبوں کا دورہ ،پیشرفت کا جائزہ
اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
علاوہ ازیں خطے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت انتہائی اہم اجلاس ہوا ۔
جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی کابینہ کے ارکان شریک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ کا دوسرا مہینہ شروع ہو گیا ہے، شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، شعلے ٹھنڈے کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ رکوانے کے لیے کوشش کر رہا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔