پی ڈی ایم حکومت کے بجائے آپس میں ہی دست و گریبان ہو چکی، حافظ حسین احمد

Apr 02, 2021 | 19:49:PM
پی ڈی ایم حکومت کے بجائے آپس میں ہی دست و گریبان ہو چکی، حافظ حسین احمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے سابق رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ”نیازی حکومت“ کے بجائے آپس میں ہی دست و گریبان ہوچکی ہے۔
حافظ حسین احمد نے ایک بیان میں کہاہے کہ اپوزیشن کی دو جماعتوں کے مقدمات اورمفادات کی وجہ سے حکومت گرانے کے خلاف موثر اور نتیجہ خیز تحریک ناکام ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ خود استعفیٰ دے سکی اور نہ حکمرانوں سے لے سکی ”لانگ مارچ“ کرنے والوں نے ”شارٹ مارچ“ تک نہیں کیا ،الیکٹرو کالج ختم کرنے سمیت سینٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرنے والوں نے دھاندلی زدہ اسمبلی سے سینٹ کی ایک نشست جیت لی، اپوزیشن رہنما بار بار ہاتھ دھونے اورعمرانی حکومت کو گرانے کیلئے ہاتھ میں ہاتھ ڈالنے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہاتھ کرنے لگے ہیں۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ مفاداتی اتحاد میں نہ باہمی اعتماد کے ایس او پیز کا خیال رکھاگیا نہ احترام کے چھ فٹ کے فاصلے کو اہمیت دی گئی اور نہ آپس میں رواداری کے ”ماسک“ کااستعمال کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے اپوزیشن کے پھول بن کھلے مرجھاگئے، اللہ تعالی پی ڈی ایم کو ”سیاسی کورونا“ 2021 سے محفوظ رکھے اور تمام بیمار قیادت کو جلد شفا کاملہ عطافرمائے۔