اقتصادی راہداری فیز2 میں سمارٹ سٹیز، ٹیکنالوجی انڈسٹری پر توجہ مرکوز کی جائیگی؛وزیراعظم 

Sep 01, 2025 | 18:52:PM
اقتصادی راہداری فیز2 میں سمارٹ سٹیز، ٹیکنالوجی انڈسٹری پر توجہ مرکوز کی جائیگی؛وزیراعظم 
کیپشن: وزیر اعظم شہباز شریف سے  چینی وفد ملاقات کر رہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزیراعظم نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز 2 میں سمارٹ سٹیز، زرعی صنعت کے حوالے سے تعاون اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔چینی صدر شی جن پنگ کی زیر قیادت تیانجن کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے  کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تیانجن کے سٹینڈنگ ممبر اور تیانجن بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکرٹری لیون ماؤ جن نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں ایک نمایاں اور منفرد مقام رکھتی ہے ،چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں چین نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان میں توانائی کے شعبے کی ترقی  اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز 2 میں سمارٹ سٹیز، زرعی صنعت کے حوالے سے تعاون اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔ان کاکہناتھا کہ  چینی صدر شی جن پنگ کی زیر قیادت تیانجن کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے ۔تیانجن بنہائی نیو ایریا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں ،پاکستان کے کراچی پورٹ، بن قاسم پورٹ اور گوادر پورٹ اور چین کے  تیانجن پورٹ درمیان تعاون اور تجارت کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان

وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کاکہناتھا کہ پورٹ ہینڈلنگ اور پورٹ آپریشنز کے معاملات کے حوالے سے تیانجن بنہائی نیو ایریا کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے چینی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،فارماسیوٹیکل ، بائیو میڈیسن اور جانوروں کی ویکسین کے حوالے سے تیانجن بنہائی نیو ایریا کی صنعت سے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ حکومت پاکستان نے پچھلے ڈیڑھ سال میں معاشی اصلاحات میں نمایاں سنگ میل عبور کئے ہیں،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن ، نئی قومی اقتصادی پالیسی اور آئی ٹی سے متعلق اقدامات کے فروغ سمیت کئی دیگر اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں ۔

وزیراعظم نے تیانجن سے صنعتی و اقتصادی شعبے سے وابستہ نمایاں افراد کے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت  دی۔

وزیراعظم کو تیانجن بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکرٹری لیون ماؤ جن کی جانب سے تیانجن بنہائی نیو ایریا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تیانجن بنہائی نیو ایریا میں انٹیلی جینٹ ٹیکنالوجی ، گرین پیٹرو کیمیکل، آٹو موٹو انڈسٹری ، بائیو میڈیسن ، نیو انرجی ، ایروسپیس ، کولڈ چین سٹوریج ، ڈیپ سی مائننگ ، جین تھراپی سمیت کئی دیگر شعبوں کی صنعتیں موجود ہیں.

وفد نے بتایا کہ پاکستان اور تیانجن کے درمیان کھاد ، فارماسیوٹیکل ، ٹائرز ، معدنیات اور فشریز کی تجارت ہوتی ہے ،تیانجن بنہائی نیو ایریا پاکستان کے ساتھ تجارت خصوصاً ای کامرس کو وسعت دینے کا خواہاں ہے،تیانجن بنہائی نیو ایریا کے کاروباروں اور صنعتوں کو پاکستان تک پھیلانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیں:روپے کے پے در پے وار ،ڈالر نہ سنبھل سکا،قیمت مزید کم ہو گئی