’’نورِ سحر‘‘ میں علمی و روحانی نشست ’’معجزاتِ مصطفیٰ ﷺ اور سائنس‘‘ کا اہتمام
ہر نبی کو معجزات عطا کیے گئے، مگر رسول اللہؐ کی ذات مبارکہ کا ہر لمحہ معجزہ ہے: جسٹس (ر) نذیر احمد غازی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پروگرام’’نورِ سحر‘‘ میں ایک علمی و روحانی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف اسلامی سکالرز اور محققین نے شرکت کی، نشست کا موضوع’’معجزاتِ مصطفیٰ ﷺ اور سائنس‘‘ تھا جس پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
24نیوزکے پروگرام’’نورسحر‘‘ کے میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ دنیا میں ایک لاکھ سے زائد انبیاء کرام تشریف لائے،ہر نبی کو اپنے وقت کے تقاضوں کے مطابق معجزات عطا کیے گئے مگر رسول اللہ ﷺ کی ذات مبارکہ کا ہر لمحہ معجزہ ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ قرآن مجید رسول اللہ ﷺ کا سب سے بڑا اور دائمی معجزہ ہے، جس کا کوئی جواب آج تک کوئی بشر نہ دے سکا، عربوں نے خود تسلیم کیا کہ یہ کسی انسان کا کلام نہیں اور مغرب میں لاکھوں ڈالر خرچ کر کے قرآن میں نقص تلاش کرنے کی کوشش کی گئی، مگر نتیجہ یہی نکلا کہ قرآن سراپا حق اور معجزہ ہے۔
اسلامی سکالر مولانا امیر حمزہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے معجزات اس قدر وسیع اور عظیم ہیں کہ ان کا مکمل احاطہ انسانی بس سے باہر ہے،انہوں نے قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں بادلوں کی قسموں اور کلاؤڈ برسٹ جیسے سائنسی مظاہر کو معجزاتِ نبوی کے ساتھ جوڑا اور کہا کہ سائنس آج ان حقائق کو تسلیم کر رہی ہے جو چودہ سو سال پہلے قرآن میں بیان کیے جا چکے ہیں۔
صوفی عبدالحمید نے کہا کہ اسلام دینِ فطرت ہے اور فطرت ہی میں اللہ نے اپنی نشانیاں رکھ دی ہیں، رسول اللہ ﷺ کے معجزات اور ان کی فطری تعلیمات عقل والوں کے لیے راہ ہدایت ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کے جدید آڈیو اور ویڈیو کمیونیکیشن کے طریقے دراصل وہی معجزاتی حقائق ہیں جن کی جھلک احادیثِ نبویہ میں ملتی ہے جہاں آپ ﷺ نے بغیر کسی جدید آلے کے دور دراز مقامات پر بات پہنچائی اور سنی جو جدید سائنس کے لیے حیران کن ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق میں کامیابی، پاکستان کا ابھرتا ہوا عالمی تشخص اور سفارتی کامیابیاں
پروفیسر فہد علی کاظمی نے علمی انداز میں مغربی اور مسلم فلاسفرز کی آراء پیش کیں،انہوں نے این میری شیمل کی معروف کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے معجزہ شق القمر کی وضاحت مولانا روم اور مولانا جامی کے افکار کے ذریعے کی، انہوں نے جمادات و نباتات کے ذریعے ظہور پذیر ہونے والے معجزاتِ نبوی ﷺ کا تفصیلی ذکر کیا اور کہا کہ فطرت، فلسفہ اور سائنس تینوں رسول اللہ ﷺ کی نبوت کے معجزات کے سامنے عاجز نظر آتے ہیں۔