وفاقی حکومت نے ٹیکس کلیکشن کم ہونے کے متعلق افواہوں کو گمراہ کن جھوٹ قرار دے دیا

Jun 01, 2026 | 17:29:PM
 وفاقی حکومت نے ٹیکس کلیکشن کم ہونے کے متعلق افواہوں کو گمراہ کن جھوٹ قرار دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی حکومت نے ٹیکس کلیکشن کم ہونے کے متعلق افواہوں کو گمراہ کن جھوٹ قرار دے دیا اور حقائق کی وضاحت کر دی ہے۔

 مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق ٹیکس شارٹ فال سے متعلق قیاس آرائیاں حقائق کے برعکس ہیں۔  ایف بی آر کی ریونیو  کلیکشن پرفارمنس مستحکم ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں نظرثانی شدہ اہداف کے مطابق جاری ہیں

مشیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ 864 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا تاثر ابتدائی 14 ہزار 130 ارب روپے کے ہدف کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے جو گمراہ کن ہے۔ معاشی حالات میں تبدیلی کے بعد آئی ایم ایف کی مشاورت سے ریونیو ہدف تقریباً 13 ہزار ارب روپے تک ایڈجسٹ کیا گیا۔

مہنگائی،درآمدات اور عالمی صورتحال میں تبدیلی کے باعث اہداف پر نظرثانی معمول کا مالی عمل ہے۔

نظرثانی شدہ مالی فریم ورک کےتحت ایف بی آر کی کارکردگی مضبوط،11 ماہ کا تقریباً مکمل ہدف حاصل کیا گیا۔

ایف بی آر نے پہلے 11 ماہ میں 11 ہزار 257 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ مئی میں 994 ارب روپے وصول کیے۔

مئی میں ایف بی آر نے ماہانہ ہدف کا 97 فیصد جبکہ 11 ماہ کے ہدف کا 99.8 فیصد حاصل کیا۔

موجودہ کارکردگی ریونیو بحران یا بڑے ٹیکس شارٹ فال کے دعوؤں کی نفی کرتی ہے۔

 مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ جون 2026 کا 1 ہزار 727 ارب ریونیو ہدف 15 فیصد اضافے کے ساتھ نظرثانی شدہ مالی فریم ورک کے مطابق قابل حصول ہے ۔ کاروباری طبقے اور سرمایہ کار غیر معمولی ٹیکس اقدامات سے متعلق قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دیں۔

خرم زہشاد نے مزید کہا کہ مالی معاملات پر تبصرہ پرانے اہداف کے بجائے موجودہ معاشی حقائق اور درست اعداد و شمار پر ہونا چاہیے۔ 

یہ بھی پڑھیئے:  مئی میں مہنگائی 23 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی