پانچ جنوری کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات ہر ضلع میں ہوں گی، نئے صوبےنہیں بنیں گے، نثارکھوڑو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان یپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 5 جنوری کو 98 ویں سالگرہ پر سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں سالگرہ کی خصوصی تقریبات کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما نے قومی سیاست کے متعلق کئی اہم اعلانات بھی کر دیئے۔
آج کراچی مین پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 5 جنوری کو 98 ویں سالگرہ تقاریب سندھ کے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں جوش و خروش سے منعقد کی جائیں گی۔ ان تقاریب میں تمام کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما نثار کھوڑو نے صوبہ کی تمام پارٹی تنظیموں کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ پیپلز پارٹی کی ضلعی تنظیمیں شہید بھٹو کی سالگرہ کی تقاریب کا انعقادروایتی جوش و خروش کے ساتھ کریں۔
نثار کھوڑو نے ہدایت کی کہ ان تقاریب میں شہید بھٹو کی شخصیت، ان کے افکار، کاموں، قربانیوں اور جدوجہد پر روشنی ڈالنے کے لئے خصوصی اہتمام کیا جائے اور شہید بھٹو کی 98 وین سالگرہ کے شایانِ شان کیلک کاٹنے کا بھی خاص اہتمام کیا جائے۔
نثار کھوڑو نے واضح کیا کہ آج وطنِ عزیز میں جمہوریت بھٹو خاندان کے مرہونِ منت ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا تو شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔
نثار کھوڑو نے کہا، پیپلز پارٹی ملک میں آئین و پارلیامنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا، پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان اپنے ملک کو اوپر میلی نظر سے دیکھنےوالوں کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نئے صوبے نہیں بن رہے، نثار کھوڑو
نثار کھوڑو نے کہا، ملک میں نئے صوبے نہیں بن رہے نہ ہی سندھ میں کبھی نیا صوبہ بنے گا۔ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی باتیں کسی کی سیاسی پوائنگ اسکورنگ اور شوشہ ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ کی وحدت پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔
نثار کھوڑو نے کہا، پیپلز پارٹی نے جس طرح کینالوں کو مسترد کرایا اسی طرح سندھ کے حقوق کا ہر موڑ ہر تحفظ اور دفاع کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم اور این ایف سی میں صوبے کے حصے کو کسی صورت رول بیک نہیں ہونے دے گی۔ ایف بی آر کی ناکامی کی سزا صوبوں کے این ایف سی کے حصے سے کٹوتی کرکے صوبوں کو نہیں دی جا سکتی۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا، ہم وفاق کو پیشکش کرتے ہیں کے سندھ کو خدمات اور اشیاء پر سیلز ٹیکس وصولی کا اختیار دیا جائے تو وفاق کو ایف بی آر سے زیادہ ٹیکس وصول کرکے دے سکتے ہیں۔