حکومت کی جانب سے سول و پولیس افسران کے اعلٰی سطحی تقرر و تبادلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت کی جانب سے متعدد سول و پولیس افسران کے اعلٰی سطحی تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی رندھاوا کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو نیا چیف کمشنر اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے،سہیل اشرف اس سے قبل پنجاب حکومت میں سیکریٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
دریں اثناء پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے کئے گئے تقرر و تبادلوں کے احکامات کے مطابق پولیس سروس، گریڈ 21 کے سعد اختر کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سے تبدیل کر کے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی تعینات کیا گیا ہے جبکہ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس احمد کی خدمات وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے سپرد کی گئی ہیں اور تقرری کے منتظر، پولیس سروس، گریڈ 21 کے ایڈیشنل آئی جی اشرف زبیر صدیقی کی خدمات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سپرد کی گئی ہیں۔
مزید براں پولیس سروس، گریڈ 19 کے شاہجہاں کی خدمات ایف آئی اے سے سندھ حکومت اور پولیس سروس گریڈ 19 کے فضل حامد کی خدمات نیشنل پولیس اکیڈمی سے خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، مزید برآں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ محمد سرفراز ورک کو حال ہی میں گریڈ 19 (ایکٹنگ چارج) میں ترقی دی گئی ہے، ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق سجاد صفدر کو ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشنز اور ممبر پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ تعینات کر دیا گیا ہے، وہ اس سے قبل ایم ڈی (ٹیکنیکل) پاکستان آرڈیننس فیکٹری سنجوال کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کی تقرری 6 مارچ 2026 سے ان کی ریٹائرمنٹ 16 اکتوبر 2029 تک مؤثر رہے گی، دریں اثناء سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 19 کے افسران، ڈپٹی سیکریٹری ناطق حسین شاہ کا آبی وسائل ڈویژن سے وزارت مواصلات کیا گیا ہے جبکہ تبادلہ تقرر کے منتظر عبدالکریم رند ڈپٹی سیکریٹری آبی وسائل ڈویژن تعینات کئے گئے ہیں اور فیصل کریم قریشی ڈپٹی سیکریٹری وزارت آئی ٹی تعینات کئے گئے ہیں، مزید برآں ڈپٹی سیکریٹری وزارت مواصلات طوبٰی بتول کی خدمات ان کے پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ کو واپس کی گئی ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :روپے کی قدر میں بہتری، انٹربینک میں ڈالر مہنگا ہوگیا