امریکا کیساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں، وزیراعظم کا جوبائیڈن کے خط کا جواب

Apr 01, 2024 | 09:13:AM
امریکا کیساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں، وزیراعظم کا جوبائیڈن کے خط کا جواب
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دے دیا،انہوں نےخط میں کہا کہ امریکا سے تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں۔

 وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات پر مل کر کام کررہے ہیں، دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے اور گرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا، جوبائیڈن کا وزیر اعظم کو خط

واضح رہے کہ اس سے قبل 29 مارچ کو امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے جبکہ کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ امریکی صدر کا برسوں بعد یہ پہلا رابطہ ہے۔

 امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے خط میں کہا گیا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نبرد آزما ہے امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔