200 یونٹ والے صارفین کوسبسڈی آئندہ برس بھی ملے گی :وزیر توانائی اویس لغاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی سبسڈی آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ ملک بھر میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جنہیں سالانہ 527 ارب روپے کی رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبسڈی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے بجلی کے میٹرز کو بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ساتھ منسلک کریں۔ ان کے مطابق اب تک 20 لاکھ سے زائد صارفین اس سہولت سے استفادہ کر چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے گردشی قرضے میں 780 ارب روپے کی کمی کی ہے، جبکہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کے نتیجے میں 3500 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بعض حلقے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کا تاثر دے رہے ہیں، حالانکہ گزشتہ دو برس کے دوران بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں 36 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جبکہ دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سولرائزیشن کو بھی فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک علاقے میں ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے شہریوں سے 80 ہزار روپے وصول کیے گئے تھے، جس پر متعلقہ لائن سپرنٹنڈنٹ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بھی مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :دشمن کےوعدوں پر بھروسہ نہیں:ایرانی سپیکر