کویت:پارلیمنٹ اجلاس کے دوران ارکان میں ہاتھا پائی، تلخ کلامی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز)کویت کی پارلیمنٹ میں منگل ہونیوالے اجلاس کے دوران ارکان میں ہاتھا پائی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔پارلیمانی اجلاس کے ایجنڈے پر ارکان میں اختلاف ہوا اور وہ دھڑوں میں تقسیم ہو گئے اور خوب گرما گرمی میں نوبت تلخ کلامی تک جا پہنچی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق اجلاس کے دوران رکن پارلیمنٹ سلمان الحلیلۃ اور صالح المطیری کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق سپیکر مرزوق الغانم نے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد 15 منٹ کے لئے اجلاس معطل کردیا۔ اس سے قبل شیخ صباح خالد الحمد الصباح کی قیادت میں کویت کی نئی کابینہ نے پارلیمنٹ میں حلف وفاداری اٹھایا۔ کویتی جریدے القبس کے مطابق کویتی آئین کی دفعہ 91 کے مطابق کابینہ کو فرائض منصبی شروع کرنے سے قبل پارلیمنٹ کے سامنے حلف اٹھانا ضروری ہے۔ دفعہ 91 میں کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ کو کابینہ یا کسی بھی کمیٹی میں کام شروع کرنے سے قبل پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس کے سامنے حلف اٹھانا ہو گا۔ امیر کویت شیخ نواف الاحمد نے اس سے قبل امید ظاہر کی تھی کہ پارلیمنٹ کا اجلاس کشیدگی سے بالا ہوکر حکومت اور قانون ساز اسمبلی کے درمیان مفید تعاون کی مثال پیش کرے گا۔