مقبول کورین سیریز"اسکوئڈگیم 3 "کب ریلیز ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)نیٹ فلکس کی مقبول ترین کورین سیریز"اسکوئڈ گیم" سیزن 3 کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی۔
نیٹ فلکس کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق "اسکوئڈ گیم" سیزن 3 کا پریمیئر 27 جون 2025 ء کو ہوگا، اس اعلان کے ساتھ سیزن 3 کا ایک نیا پوسٹر اور تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔
نئے سیزن میں سیونگ گی ہن (لی جنگ جے) کی کہانی آگے بڑھتی ہے، جو ایک ذاتی مقصد کے تحت دوبارہ خطرناک گیم میں شامل ہوتا ہے، اسے اپنے قریبی دوست اورفرنٹ مین (لی بیونگ ہن) کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو اپنی شناخت چھپاتے ہوئے کھیل میں شامل تھا۔

نیا سیزن ان بچ جانے والے کھلاڑیوں کی قسمت کو بھی واضح کرے گا جو پچھلے سیزن کی سخت آزمائشوں سے گزر چکے ہیں۔
سیریز کے تخلیق کار ہوانگ ڈونگ ہیوک نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ جو بیج میں نے اس نئے سیزن کی تخلیق کے دوران بوئے تھے، وہ اب پھل دے رہے ہیں، میں ایک اور سنسنی خیز کہانی پیش کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

یاد رہے کہ یہ تھرلر سیریز 456 افراد کی کہانی بیان کرتی ہے جو 45.6 بلین کورین وون کی انعامی رقم کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں،2021 میں اپنے آغاز کے بعد پہلا سیزن نیٹ فلکس کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شو بن گیا تھاجبکہ سیزن 2 جو 26 دسمبر 2023 کو ریلیز ہوا اوروہ ریلیز کے پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے سیزن کا نیا ریکارڈ قائم کر چکا ہے ۔