2022 کی وہ تین شوبز جوڑیاں جن کی طلاق کی افواہیں گرم ہیں

Dec 31, 2022 | 16:33:PM
فائل فوٹو
کیپشن: وہ تین شوبز جوڑیاں جن کی طلاق کی افواہیں گرم ہیں
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )ویسے تو شوبز شخصیات کسی نہ کسی تنازعے کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں لیکن سال 2022 کے دوران تین پاکستانی فنکاروں کی  جوڑیاں علیحدگی کی افواہوں کے حوالے سے گرم رہیں، ان میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا، فرحان سعید اور عروہ حسین، اور سجل علی اور احد رضا میر شامل ہیں۔ لیکن ابھی تک ان تینوں ہی جوڑوں نے باقاعدہ طور پر اپنی علیحدگی یا طلاق کی تصدیق نہیں کی۔

 شعیب ملک اور  ثانیہ مرزا 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا میں علیحدگی کی خبروں نے دونوں ملکوں میں تہلکہ مچا رکھا ہے، ہر چینل اور ہر اخبار میں یہ خبر شہ سرخیاں بن گئی، لیکن اس مشہور جوڑی کی طرف سے تردید آئی، نہ ہی تصدیق کی گئی۔ صرف یہی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ جوڑے کے درمیان طلاق کے لیے صرف کاغذی کارروائی مکمل ہونا باقی ہے۔ابھی لوگ ان کی راہیں جدا ہونے کی خبروں میں الجھے ہی ہوئے تھے کہ وہیں اچانک سے دونوں سٹارز نے ایک ٹی وہ شو شروع کرنے کا اعلان کر دیا جس کا نام ”دی ملک مرزا شو“ ہے۔ اس شو کے بارے میں گلف نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی طرح سے متنازع نہیں ہوگا اور اس کا مقصد محبت کو پھیلانا ہے۔ شعیب ملک نے ثانیہ سے طلاق کی خبروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں کو نظرانداز کریں۔حال ہی میں شعیب کی انسٹاگرام پروفائل کے بعد کہانی میں نیا موڑ آیا، دراصل شعیب ملک نے بائیو میں ثانیہ مرزا کا اکاؤنٹ ٹیگ کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ ایک سُپر وومن کے شوہر ہیں، لیکن ان خبروں میں کتنی حقیقت ہے اور کتنا فسانہ یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

فرحان سعید اور  عروہ حسین

گلوکار فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین کے درمیان نومبر 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات اور بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ تب سے لے کر اب تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا اور نہ ہی ان افواہوں کی تصدیق ہو پائی تھی۔ لیکن 18 اکتوبر 2022 کو دونوں کو ’ٹچ بٹن‘ فلم کی پروموشن کے دوران اکٹھے دیکھا گیا تھا۔ یہ فلم عروہ حسین نے پروڈیوس کی ہے اور اس میں فرحان سعید نے بھی بطور اداکار کام کیا ہے۔ اختلافات کی خبروں کے درمیان اداکارہ عروہ حسین نے ایک انٹرویو میں فرحان سعید سے طلاق کے معاملے پر وضاحت دینے سے گریز کرتے ہوئے مبہم جواب دیا تھا کہ کیا لوگوں کے لیے یہ سب کچھ ناکافی ہے کہ وہ ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں؟ اگرچہ دونوں ‘ٹچ بٹن نامی فلم کی پروموشن میں ایک ساتھ تھے لیکن دونوں کو ایک دوسرے سے محتاط رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا، اس وجہ سے ان کے اختلافات کی چہ مگوئیاں بھی ہوئیں تاہم اب تک عروہ اور فرحان کی جانب اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی دونوں نے ان کی تصدیق یا تردید کی ہے۔ خیال رہے کہ اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید 16 دسمبر 2016 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

احد رضا میر اور سجل علی

شوبز سپر سٹارز احد رضا میر اور سجل علی کے حوالے سے 2022 کے دوران مسلسل یہ خبر گردش کرتی رہی کہ ان کی علیحدگی کے بعد اب طلاق بھی ہو چکی ہے۔ لیکن ابھی تک دونوں کی جانب سے نہ تو اس کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید کی گئی ہے۔ سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کی خبر پر ان کے مداح رنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں کر رہے ہیں کہ یہ خبر غلط ثابت ہو۔ دونوں کے اختلافات کی خبریں تب زور پکڑ گئی تھیں جب احد رضا میر نے سجل علی کی چھوٹی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ دونوں اداکاروں کے درمیان بڑھتی ہوئی دوری کا اندازاہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مداحوں کی جانب سے ان کی شادی کے متعلق بہت سی قیاس آرائیاں کی گئی تھیں۔ بعد ازاں سجل علی نے اپنے انسٹاگرام پروفائل پر اپنا نام سجل احد میر سے بدل کر سجل علی کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں ایک برس سے اپنے اپنے گھروں میں مقیم ہیں۔ اسی دوران یوٹیوب پر ایک لائیو سیشن کے دوران پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی صحافی آمنہ عیسانی  کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان باقاعدہ قانونی طور پر طلاق ہو چکی ہے۔ تاہم اِس خبر پر بھی باقاعدہ طور پر سجل علی اور احد رضا میر کی جانب سے کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔