9مئی کرنیوالے دہشتگرد ،ان کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ملنی چاہیے، علی گوہر بلوچ
دہشتگردی مسئلے کے حل کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو اعتماد میں لینا ہوگا ورنہ کسی آپریشن کا مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا،شوکت بسرا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما علی گوہر بلوچ نے کہا ہے کہ جنہوں نے شہیدوں کی یاد گاروں کو جلایا جنہوں نے 9 مئی کیا وہ دہشت گرد ہیں ان کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزائیں ملنی چاہیے۔
24نیوز کے پروگرام گونج میں میزبان مسعود رضا کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے علی گوہر بلوچ نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف نے آرٹی ایس بٹھا کر پاکستان کا مینڈیٹ چوری کیا یہ شروع سے ہی چور ہیں، یہ مقبولیت کا جھوٹا ڈھونگ رچانے والے بتائیں کہ ان کی حکومت کے آخری دور میں تمام ضمنی انتخابات ہار کیوں رہے تھے ،ڈسکہ ضمنی الیکشن میں انہیں ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی ہر بات کر رہے ہیں آپریشن کی مخالفت سے لے کر اپنے لیڈر کو چھڑانے کی باتیں کرتے ہیں، لیکن کے پی کے وزیر اعلیٰ امن و امان کیلئے جو اجلاس بلائے جاتے ہیں اس میں شرکت تک نہیں کرتے۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی تحریک انصاف سے کورٹ کے آرڈر کے باوجود ملنے نہیں دیا جا رہا ۔آپریشن کی باتیں کرنے والے بتائیں اب جو جو آپریشن کئے ہیں ان سے اب تک دہشت گردی ختم کیوں نہیں ہوئی، اس مسئلے کے حل کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو اعتماد میں لینا ہوگا ورنہ کسی آپریشن کا مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا،افغانستان سے بھی بات چیت کرنی چاہیےجب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تھی تب بھی افغانستان سے مذاکرات کئے گئے تھے۔
پروگرام میں شریک دفاعی تجزیہ کار ایئر کموڈور (ر) خالد چشتی نے پاکستان افغانستان صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہونے چاہیے امریکہ نے 21 سال ویت نام کے ساتھ جنگ لڑی تھی اس کے بعد 5 سال مذاکرات ہوئے پھر معاملات حل ہوئے ۔ لڑائی سے دشمن فائدہ اٹھاتے ہیں افغانستان پر انڈیا کا اثر بہت زیادہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے جب سے انڈیا کو جنگ میں شکست دی ہے دنیا ہمیں ویلیو کر رہی ہے ۔