صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صدرِ مملکت،وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی جانب سے باجوڑ میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف زرداری نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے سرغنہ سمیت چار دہشت گردوں کے ہلاک کئے جانے کو قوم کے عزم و استقامت کی کامیابی قرار دیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع میں ایک اور نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے، وطن کے دفاع اور امن کے قیام کیلئے جانفشانی سے برسرپیکار سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جذبۂ قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری آپریشن پاکستان کے پائیدار امن اور استحکام کی ضمانت ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت 4 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد کو جہنم رسید کیا اور پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں دراندازی کی کوشش، کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 4 خوارجی دہشتگرد مارے گئے
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اس انداز میں شکست دیتے رہیں گے، حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 4 خوارج کو جہنم واصل کیا، قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔