پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کی ہے:مراد علی شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) آج ملک بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کا 58 واں یومِ تاسیس منایا جارہا ہے جس پر ملک کے سو سے زائد مقامات پر اجتماعات کاانعقاد کیاجائےگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یومِ تاسیس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس پر عوام کے نام پیغام جاری کیا۔
تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ہے، جمہوریت کی بالادستی، آئین کا تحفظ اور عوامی حکومت ہمارا بنیادی مشن ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر عمل ہمارا عزم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 58 یوں تاسیس پر عوام، جیالوں اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کا راز عوام کو طاقت کا سرچشمہ ماننا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی پیپلز پارٹی کی بنیادی پہچان ہے۔ سندھ حکومت عوامی خدمت اور ترقی کے ایجنڈے پر مسلسل گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کی جدوجہد نے ملکی سیاست کو نئی سمت دی، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت کا مقابلہ کر کے جمہوریت کی راہ ہموار کی۔
یہ بھی پڑھیں:ذاتی معلومات کا تحفظ، پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر کا وژن آج بھی ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔ شہید بھٹو کا تصور، محترمہ بینظیر کی جدوجہد، صدر زرداری کا حوصلہ اور چیئرمین بلاول کی محنت زندہ ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا قیام عوام سے ایک وعدہ تھا کہ اس ملک کے عام انسان کو بھی عزت اور اختیار ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے شہیدوں، کارکنوں اور قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس وطن کی جمہوریت کو اپنے خون سے سینچا، آج کا دن صرف ایک جماعت کی سالگرہ نہیں، ایک جدوجہد کی یاد ہے جس نے ملک میں جمہوری روایات کو زندہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب وجود میں آئی تو یہ محض سیاسی جماعت نہیں تھی، ایک نیا رجحان تھی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت سے شروع ہونے والا یہ سفر بے نظیر بھٹو کی شہادتوں سے گزر کر آج بھی قائم ہے، پیپلز پارٹی نے قدم قدم پر اپنی قیادت اور اپنے کارکنوں کا خون دے کر اس ملک میں ووٹ کی حرمت، شہری آزادیوں اور پارلیمانی نظام کو بچایا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کا یکم دسمبر کو صوابی موٹروے بند کرنے کا اعلان
جمہوریت کے جس چراغ کو بارہا بجھایا گیا، اسے پیپلز پارٹی نے ہی اپنے زخموں کی تپش سے دوبارہ روشن کیا، پیپلزپارٹی کے علاوہ ملکی تاریخ میں کوئی اور جماعت نہیں جس نے اپنی قیادت کو مقتل جاتے دیکھا ہو، جمہوریت، آئین، وفاق اور عوامی حقِ رائے دہی کے لیے جو قربانیاں پیپلز پارٹی نے دی ہیں، وہ تاریخ میں لازوال ہیں۔