پی ڈی ایم کی بیٹھک پہلے ہی بیٹھ چکی ۔۔ فردوس عاشق عوان 

May 30, 2021 | 12:07:PM
 پی ڈی ایم کی بیٹھک پہلے ہی بیٹھ چکی ۔۔ فردوس عاشق عوان 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق عوان نے کہا ہے کہ چچا بھتیجی ایک دوسرے کو سرعام دھوکہ دے رہے ہیں، جعلی راجکماری ڈگڈگی بجا رہی ہے ، جعلی خادم اعلیٰ چورن بیچ رہا ہے۔
اتوار کوجناح ہال ضلع کونسل فیصل آباد میں کورونا موبائل ویکسینیشن کیمپ کا افتتاح کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کی بیٹھک پہلے ہی بیٹھ چکی ہے، آج بھی اس سے کچھ نہیں نکلے گا، اپوزیشن کا سیاسی تماشہ صرف گفتن اور برخاستن تک محدود رہے گا، پی ڈی ایم کی بیٹھک سے صرف مردہ چوہا ہی نکلی۔
 انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ماضی میں نظرانداز کئے گئے اضلاع کو ترقی کے سفر میں ہمسفر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں وہ وقت دور نہیں جب پسماندہ اضلاع ترقی کے اعتبار سے بڑے شہروں کے ہم پلہ ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پنجاب بھر میں شہریوں کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے صحافیوں کے لیے ویکسی نیشن کا آغاز کیا گیا ہے ،کورونا نے پوری دنیا میں تباہی پھیلائی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کی دن رات محنت کے نتائج سامنے آرہے ہیں، فیصل آباد کے صنعتی شعبوں میں ریلیف دیا گیا ہے ،ماضی میں فیصل آباد کی صنعتوں کو تباہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی کوشش معیشت کی بحالی تھی تاہم اب مستقل مزاجی لائیں گے،ہم نے کامیابیوں کو آگے بڑھانا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے روشن خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور انڈسٹری کی بحالی کا کریڈٹ وزیر اعظم کو جاتا ہے کیونکہ صنعت کی بہتری اور بحالی کے لیے حکومت نے تمام اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری چلنے سے غریب کا چولہا چلتا ہے اور صنعتی شعبے کو جتنا ریلیف دیا گیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

دریں اثنا ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کے مشکل ترین حالات کے باوجود معاشی اعشاریوں میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے، روز بروز بہتر ہوتے معاشی اعشاریے مستحکم ہوتی ملکی معیشت کی نوید ہے، اپوزیشن خصوصا کرپٹ پی ڈی ایم ٹولہ ہوس اقتدار میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال میں 4 ہزار ارب سے زائد کے محصولات جمع کرکے تحریک انصاف حکومت نے ایک نئی تاریخ رقم کی، ریکارڈ محصولات کا جمع ہونا حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے، ریکارڈ محصولات اکٹھا ہونا وزیراعظم عمران خان پر قوم کے مضبوط اعتماد کا عکاس ہے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال میں 4ہزار ارب سے زائد کے محصولات جمع کرکے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف حکومت نے ایک نئی تاریخ رقم کی! ریکارڈ محصولات کا جمع ہونا حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت اور وزیراعظم عمران خان پر قوم کے مضبوط اعتماد کا عکاس ہے۔