دم پخت پلاؤ بنانےکی آسان ترکیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)دم پخت پلاؤ کی تاریخ خاصی دلچسپ ہے، یہ کھانا ایرانی نژاد ہے اور اس کا تعلق صفوی دور سے ہے۔
اس دور میں گوشت کو رات بھر مصالحے اور دہی میں بھگو کر رکھا جاتا تھا اور پھر اسے دم پخت طریقے سے پکایا جاتا ، یعنی کم پانی اور بھاپ میں۔
بعد میں یہ کھانا جنوبی ایشیا میں بھی متعارف ہوا، خاص طور پر اودھ کے علاقے میں، جہاں اسے نواب آصف الدولہ نے مقبول بنایا۔
دم پخت کا طریقہ کار ایران سے افغانستان کے راستے برصغیر پاک و ہند میں پہنچا،دم پخت پلاؤ اپنی منفرد پکانے کے طریقے کی وجہ سے مشہور ہے۔
اجزا:
چاول 750 گرام (بھیگے ہوئے)، گوشت آدھا کلو (اُبلا ہوا)، ٹماٹر 2 عدد، دہی ایک پاؤ، پیاز دو عدد، تیز پتے دو عدد، بڑی الائچی دو عدد، لونگ چار عدد، ہری مرچ دس عدد، تیل آدھا کپ، لال مرچ ایک چائے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، زیرہ ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ (ثابت)، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، نمک دو چائے کے چمچ۔
ترکیب:
ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سنہرا کرلیں، اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، ٹماٹر، ہری مرچ، زیرہ، ثابت کالی مرچ، تیز پتے، لونگ، بڑی الائچی، پسی لال مرچ، نمک اور ہلدی ڈال کر ہلکا سا بھون لیں، پھر اس میں اُبلا گوشت اور دہی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پانچ منٹ دَم پر رکھیں، اس کے بعد بھیگے ہوئے چاول اور ڈیڑھ گلاس پانی ڈال کر پکنے دیں، جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بیس منٹ دَم پر رکھیں ۔