سال 2022ء میں قارئین کی دلچسپی کن مقبول خبروں میں رہی؟

شمروز خان

Dec 30, 2022 | 16:10:PM
سال 2022ء کی مقبول خبروں میں صارفین کی دلچسپی کن خبروں میں رہی؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 News Creative
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سال 2022ء کا اختتام ہونے کو ہے اور نیا سال نئی امیدوں اور نئے امتحانات کیساتھ ہمارے استقبال کیلئے تیار ہے۔ اس سال لے ختم ہونے پر ہمیں دہشتگردی کی نئی لہر کا سامنا ہے جبکہ چین  سے آنے والی کورونا کی خبریں بھی پریشان کن ہیں۔

اقتصادیات فرد اور قوم دونوں کی تقدیر کا فیصلہ کرتی ہے اس میں سیاست دوسرے نمبر پر آتی ہے۔ اقتصادی و معاشی حالات ہی سیاست کا رخ متعین کرتے ہیں اس لحاظ سے رخصت ہونے والے سال کے بارے میں جائزہ لیا جائے تو دنیا کو سب سے زیادہ جس چیز نے اس سال میں اثرانداز کیا وہ مہنگائی تھی۔ جس کا براہ راست تعلق اقتصادی شعبے سے ہے۔ دنیا بھر میں زندہ رہنے کی قیمت کئی گنا بڑھ گئی۔ اس کا اندازہ پاکستانیوں سے زیادہ شاید کسی اور کو نہیں ہوسکتا۔

سال 2022ء میں 24 نیوز پر جو مقبول ترین خبریں قارئین کی دلچسپی کا مرکز رہیں ان کا خلاصہ اس تحریر میں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

معیشیت اور تجارت

مہنگائی کے حوالے سے سال 2022ء ہوشربا رہا۔ رواں برس کے آغاز پر مہنگائی کی شرح 13 فیصد تھی جو اب دو گنا سے بھی بڑھ چکی ہے۔ پھر اس مہنگائی کے اثرات جس بھی قسم کی چیز پر ہو، اس کے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا خصوصی مرکز رہیں۔ ان میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں، موٹر سائیکلز کی قیمتوں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، سونے کی قیمتوں اور گاڑیوں کی اسمبلنگ اور قیمتوں کے حوالے سے خبریں شامل تھیں۔

نئے کرنسی نوٹ

رواں سال کی خبروں میں 75 روپے کے نئے نوٹ جاری ہونے کی خبریں بھی قارئین کی جانب سے پسند کی گئیں۔ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر سٹیٹ بینک نے 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کیا۔

سال 2022ء میں شوبز شخصیات کے حوالے سے خبریں بھی خاص طور پر قارئین اور دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز رہیں۔

شوبز

اداکارہ مہوش حیات کا شمار پاکستان کی معروف شوبز شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ ایسے ہی مداح نے ایک ایونٹ میں مہوش حیات کی کمر پر ہاتھ رکھ کر تصویر بنوانے کی کوشش کی جس پر اداکارہ کے قریب کھڑے شخص نے اس مداح کا ہاتھ پکڑ لیا اور اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی۔ اس واقعے کے حوالے سے خبر کو 24 نیوز کے دیکھنے والے اور قارئین نے پسند کیا۔

اسکے علاوہ معروف مذہبی سکالر اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری شادی بھی خبروں کا مرکز رہی۔ مرحوم عامر لیاقت کی اپنی تیسری اہلیہ کیساتھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں اور عامر لیاقت اور انکی اہلیہ پاکستان میں ٹویٹر کے ٹاپ ٹرینڈ پر بھی رہے۔

سائنس اور ٹیکنالوجی

سال 2022ء میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے خبریں بھی 24 نیوز کے ٹاپ ٹرینڈز میں رہیں۔ ان میں وٹس ایپ کی نئی اپڈیٹس اور تکنیکی تبدیلیوں کی خبریں سرفہرست رہیں۔

کھیل

رواں سال کھیلیں اور ان سے جڑے ایونٹس کی خبریں بھی 24 کے قارئین اور دیکھنے والوں میں مقبول رہیں۔ جیسے آسڑیلیا کے ساتھ قومی ٹیم کی ٹیسٹ سریز کے دوران ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش میں رہی جس میں بابر اعظم کو امام الحق کو سر پر تھپڑ رسید کرتے دکھایا گیا۔ یہ واقعہ پنڈ ی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا جب نسیم شاہ کی بال پر آسٹریلوی کھلاڑی مارنس  نے لیگ سائیڈ پر زور سے شاٹ کھیلا مگر بال فیلڈنگ پر موجود امام الحق کے کندھے پر لگی اور وہ گرگئے۔ بعدازاں فواد عالم اور کپتان بابراعظم ان کے پاس آئے، بابر نے گلے لگا کر تسلی دی اور مذاق میں ان کے سر پر چپت رسید کی اور مسکراتے واپس فیلڈنگ پر چلے گئے۔

دلچسپ و عجیب

اس سال کی خبروں میں کچھ دلچسپ اور عجیب واقعات بھی 24 نیوز کے قارئین میں مقبول رہے جن میں بھارت میں ہونے والی ایک شادی بھی شامل ہے، جہاں شادی کی تقریب کے دوران دلہا اور دلہن نے ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دلہن کی جانب سے دولہے کو مٹھائی پیش کرتے دیکھا گیا جسے جسے وہ نظر انداز کر دیتا ہے۔ دلہن تھوڑی دیر تک کوشش کرتی ہے لیکن دولہا کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہوکر اس کے چہرے پر مٹھائی مار دیتی ہے۔ پھر کیا ہونا تھا دولہا جواب میں دلہن کے منہ پر تھپڑ مارتا ہے جس کے بعد جوڑے کے درمیان تھپڑوں کا تبادلہ شروع ہو جاتا ہے اور دونوں ایک دوسرے پر خوب تھپڑ برساتے ہیں۔ یہ خبر بھی قارئین میں بے حد مقبول رہی۔

تعلیم

رواں سال تعلیم کے حوالے سے خبریں بھی مقبول رہیں، جن میں گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے خبریں سرفہرست رہیں۔ اس سال بھی موسمیاتی تبدیلیوں اور کورونا کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں مختلف پالیسیاں بنتی رہیں جن کے حوالے معلومات میں قارئین کی خصوصی دلچسپی رہی۔