اسحاق ڈار کا عمانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا

Apr 30, 2025 | 17:47:PM
اسحاق ڈار کا عمانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا
کیپشن: اسحاق ڈار، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (انور عباس)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسیدی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی،نائب وزیراعظم نے انہیں موجودہ علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت کا اشتعال انگیز پروپیگنڈہ، غیر قانونی یکطرفہ اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے،عمان کے وزیر خارجہ نے مسائل کے حل کیلئے کشیدگی میں کمی پر زور دیا،انہوں نے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے مذاکرات کیلئے عمان کی کوششوں کو سراہا،اسحاق ڈار نے ان مذاکرات کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار کا سپین کے وزیر خارجہ سے رابطہ

دریں اثنا نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سپین کے وزیر خارجہ و یورپی یونین و تعاون کے وزیر ہوزے مینویل البریز سے رابطہ کیا،نائب وزیراعظم نے انہیں حالیہ علاقائی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارتی پروپیگنڈا اور پاکستان کے خلاف غیر قانونی یکطرفہ اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنا بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے،اسحاق ڈار نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے آزاد اور شفاف تحقیقات کیلئے پاکستان کی تیاری سے بھی آگاہ کیا،ہسپانوی وزیر خارجہ  نے معاملے کے پرامن حل کیلئے پاکستان کی خواہش کو سراہا،ہسپانوی وزیر خارجہ نے شفاف تحقیقات کیلئے تجویز کا خیرمقدم کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی دونوں فورمز پر تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اظہر محمود قومی ٹیم میں کس عہدے کے خواہشمند ،سابق کرکٹر دل کی بات زبان پر لے آئے