چودھری شافع حسین کا رنگ روڈ راولپنڈی کے نزدیک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی آمدہوئی،جہاں انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی عثمان شوکت اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صنعت کار معیشت کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ،جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں ۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے صنعت کاروں کے مطالبے پر رنگ روڈ راولپنڈی کے نزدیک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا اعلان کیا۔
ان کاکہناتھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صنعت کاری کے عمل کو تیز کیا گیا ہے ،بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی بار صنعتی یونٹس لگ رہے ہیں ،قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 10نئی فیکٹریوں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا گیا ہے ،انڈسٹری کی ضرورت اور صنعتکاروں کے مطالبے پر پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بن رہی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:پرفارمر مہک ملک پی ایس ایل فرنچائز کی مالک بن گئیں؟
صوبائی وزیر صنعت وتجارت کاکہناتھا کہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،صنعت کار سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے بڑے پروگرام کی منظوری دے دی ہے ،یہ پروگرام اگلے ماہ شروع ہو جائے گا ،وزیر اعلیٰ پنجاب جلد تمام ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں سے ملیں گی ۔
چودھری شافع حسین نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹوں پر پالیسی کے مطابق صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ مستقل بنیادوں پر کینسل کئے جارہے ہیں ،سابق حکمرانوں نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا ،موجودہ حکومت نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر کیا ہے ،صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کیلئے پنجاب کو ترجیح دے رہے ہیں ،آئندہ 6 ماہ میں پنجاب میں وی وو موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جارہی ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ لیتھیئم بیٹریوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی پنجاب میں لگیں گے ،صوبائی وزیر نے روا ت انڈسٹریل اسٹیٹ کی رابطہ سڑک کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ، صنعت کاروں نے انڈسٹری کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر چودھری شافع حسین سے اظہار تشکر کیا ،صنعتکاروں نے صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے تجاویز دیں ،چئیرمین پیڈمک جاوید اقبال ،ڈاکٹر محمد امجد ،چودھری عمر بشیر اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد ملاقات میں موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں:معروف اداکارہ کی امریکہ میں خفیہ شادی