"اپنا میٹر اپنی ریڈنگ" بجلی کی اووربلنگ کے خاتمے کیلیے نئی سکیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)حکومت نے بجلی کی اوور بلنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے"اپنا میٹر اپنی ریڈنگ"سکیم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا،جس میں رکن رانا محمد حیات نے سوال اٹھایا کہ کیا آئندہ مالی سال میں بجلی ٹیرف میں مزید کمی ہو گی؟، اس پر چیئرمین نیپرا نے جواب دیا کہ فی الحال بجلی کا ریٹ اتنا ہی رہنے کا امکان ہے۔
رانا محمد حیات نے کہا کہ صنعتی شعبے کو 30 فیصد ریلیف دیا گیا ہے جبکہ زرعی شعبے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا جس پر سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ صنعتی شعبے کو ریلیف کراس سبسڈی ختم کرنے کے باعث حاصل ہوا،بجلی شعبے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
دوران اجلاس راجا قمرالالسلام نے کہا کہ اجلاس پاور کمیٹی کا ہے مگر مجھے پیٹرولیم ڈویژن کے منٹس ملے ہیں۔
جنید اکبر نے کہا کہ میں نے 4 ماہ قبل آفر کی تھی کہ میں کنڈا اتروانے کے لیے خود جاؤں گا،ہم تعاون کرتے ہیں مگر ان سے لائن لاسز کم نہیں ہو رہے جبکہ صارف کو آٹھ آٹھ گھنٹے بجلی نہیں ملتی، کام یہ نہیں کرتے اور گالیاں ہم کھاتے ہیں۔
سی ای او پیسکو نے کمیٹی میں کہا کہ ان کے علاقے میں ان کے تعاون سے بہت بہتری آئی ہے،آئندہ ماہ سے مزید بہتری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی تیار، کابینہ کی منظوری کا انتظار ہے، وزیر توانائی
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ ریلیف ماہانہ بنیاد پر دیا جائے،متعلقہ ایس ڈی او کی ڈیوٹی لگائیں اورریلیف ماہانہ بنیادوں پر فراہم کریں،سبسڈی کے اصل حق داروں کو ریلیف دے رہے ہیں۔
اویس لغاری نے اس موقع پر بتایا کہ 100 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے 56 فیصد بجلی سستی کی ہے،101 سے 200 تک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 48 فیصد بجلی سستی کی گئی،اوور بلنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے وزیر اعظم جلد اسکیم کا اعلان کریں گے،صارفین کو اپنی بلنگ کا اختیار دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ کے نام سے سکیم کا اعلان کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت صارفین اپنے موبائل سے میٹر کی ریڈنگ کر کے ایپ پر بھیج سکیں گے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سبسڈی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین سے جوڑ رہے ہیں،حکومت کا بجلی کے سلیبز کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بھی ڈیٹا درست کرنے کی ضرورت ہے،آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرکے عوام کو 3400 ارب روپے کا فائدہ دیا،بجلی سستی کرنے کا سفر شروع کر چکے ہیں۔