عبدالستارایدھی کی زندگی پر فلم:سندھ حکومت اور فیصل ایدھی آمنے سامنے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی زندگی پر بننے والی فلم کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوگئی۔
سندھ حکومت نے ایک طرف اس منصوبے پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے اسے اپنا ذاتی منصوبہ قرار دے کر حکومتی دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایک تقریب میں اعلان کیا تھا کہ صوبائی حکومت معروف فلم ساز ستیش آنند کے اشتراک سے ایدھی صاحب کی زندگی پر فلم بنا رہی ہے،تاہم فیصل ایدھی نے اس بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ منصوبہ دراصل ایدھی فاؤنڈیشن کی اپنی کاوش ہے جس پر وہ پچھلے ایک سال سے کام کر رہے ہیں۔
فیصل ایدھی کاکہناہے کہ ہم نے پہلے ہی ایک معروف ڈرامہ اداکار و پروڈیوسر کے ساتھ معاہدہ کر لیا تھا،ستیش آنند نے بعد میں رابطہ کیا تو انہیں مطلع کر دیا گیا کہ یہ منصوبہ پہلے ہی کسی اور کے ساتھ طے پا چکا ہے، فلم کا تمام تر تخلیقی کنٹرول فاؤنڈیشن کے پاس ہوگا۔

اس فلم کا سکرپٹ معروف مصنفہ تہمینہ درانی کی کتاب ’’ایدھی: آ مرر ٹو دی بلائنڈ‘‘ پر مبنی ہوگا، جس میں ایدھی صاحب نے خود اپنی زندگی کے اہم واقعات قلم بند کیے تھے۔
فیصل ایدھی کے مطابق فلم میں عبدالستار ایدھی کی والدہ اور اہلیہ بلقیس ایدھی کے کرداروں کوبھی خصوصی اہمیت دی جائے گی کیونکہ ان خواتین نے ایدھی کی شخصیت کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا تھا،
فلم کی شوٹنگ کے لیے ایدھی صاحب سے منسلک تمام اہم مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں ان کا آبائی گاؤں بانٹوا (گجرات، بھارت) بھی شامل ہے۔
فیصل ایدھی نے واضح کیاہے کہ اگر بھارت میں شوٹنگ ممکن نہ ہو سکی تو اس مقام کو سٹوڈیو میں ہی تیار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:رقم نہ لوٹانے کاالزام :اداکارہ نازش جہانگیرکی عدالت میں طلبی
اپنے والد کا کرداراداکرنے کے سوال پرفیصل ایدھی نے انتہائی سادگی سے جواب دیاکہ میں اداکار نہیں ہوں، اس لیے یہ کردار نبھانا میرے لیے ممکن نہیں،یہ فیصلہ فلم کے ہدایتکار اور پروڈیوسر کریں گے کہ ایدھی صاحب کا کردار کون ادا کرے گا۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ میں چاہتاہوں یہ فلم نہ صرف ایدھی صاحب کی بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایک مثال بنے،ہم چاہتے ہیں کہ یہ فلم عالمی معیار کی ہو تاکہ آنے والی نسلیں ایدھی صاحب کی قربانیوں اور خدمات سے آگاہ ہو سکیں۔
،،،