سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ کھیلنے کی پیشکش کیوں ٹھکرائی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)عالمی شہرت یافتہ فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
رونالڈو نے سعودی کلب النصر کے ساتھ 2 سالہ نئے معاہدے پر دستخط کے بعد ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے پاس کچھ پیشکشیں تھیں کہ میں کلب ورلڈ کپ میں کھیلوں، لیکن میں نے سوچا یہ کوئی معنی نہیں رکھتا، کیونکہ میرے لیے بہتر ہے کہ میں مکمل آرام کروں اور اچھی تیاری کروں۔
رونالڈو نے مزید کہا کہ میرا مقصد نا صرف النصر کے لیے بلکہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے بھی مکمل طور پر تیار رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے میں نے نیشنز لیگ کے آخری میچ تک خود کو محدود رکھا اور دیگر کسی پیشکش پر توجہ نہیں دی۔
رونالڈو نے حال ہی میں نیشنز لیگ کے فائنل میں سپین کے خلاف گول کیا تھا، جس کے بعد پرتگال نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
رونالڈو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میرا ہدف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ النصر کے لیے کچھ بڑا جیتوں اور میں اب بھی اس پر یقین رکھتا ہوں۔
فٹبالر نے کہا کہ اسی لیے میں نے مزید دو سال کا معاہدہ کیا ہے، کیونکہ میرا یقین ہے کہ میں سعودی عرب میں چیمپئن بنوں گا۔