دس فیصد سٹوڈنٹس کو تعلیم مفت دو ورنہ رجسٹریشن منسوخ ہوگی، پرائیویٹ سکولوں کیلئے حکم

Jan 29, 2026 | 16:58:PM
 دس فیصد سٹوڈنٹس کو تعلیم مفت دو ورنہ رجسٹریشن منسوخ ہوگی، پرائیویٹ سکولوں کیلئے حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)  سندھ کی حکومت نے پرائیویٹ سکولوں کو دس فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کا پابند کر دیا ۔

جو پرائیویٹ سکول 10 فیصد سٹوڈنٹس کو مفت تعلیم نہیں دیں گے، ان کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔

سندھ حکومت کے اس حکم سے بہت سے سکولوں کی رجسٹریشن خطرے میں پڑ گئی ۔

صوبائی محکمۂ تعلیم نے  صوبے بھر کے پرائیویٹ سکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پسماندہ / غریب طبقے کے کم از کم 10 فیصد طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی قانونی ذمہ داری کو پورا کرنے کا انتظام کرین اور اس پابندی  پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

سندھ کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2013ء کے تحت ہر نجی پرائیویٹ سکول اپنے کُل داخلہ شدہ طلبہ میں سے کم از کم 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا پابند ہے۔ 

اس ضمن میں سکولوں کو زیرو فیس واؤچرز اور دیگر دستاویزی شواہد جمع کروا کر یہ ثابت کرنا ہو گا کہ ان کے ہاں زیر تعلیم بچوں میں سے دس فیصد بچوں کو تعلیم مفت دی جا رہی ہے۔

 نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کی تجدید صرف اسی صورت میں کی جائے گی جب وہ دس فیصد سٹوڈنٹس کو تعلیم مفت دینے کے ضابطہ کے مطابق عمل درآمد کی قابل تصدیق رپورٹ  ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جمع کروائیں گے۔

کسی ڈائریکٹر کے ماتحت علاقہ میں سکولوں کی طرف سے مفت تعلیم کے احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ  ڈائریکٹر سکولز  کو  ذمے دار ٹھہرایا جائے گا اور اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔