پتنگ بازی فیسٹیول کے لیے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(طاہر جمیل)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت فیسٹیول کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور نے 6 تا 8 فروری کو ہونے والے پتنگ بازی فیسٹیول کا12نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو حفاظتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کا حکم دیاگیاہے،ضابطہ اخلاق کا اطلاق لاہور بھر کے تمام مقامات بشمعول عمارتوں اور چھتوں پر ہوگا۔
پتنگ بازی ایکٹ اور سیفٹی رولز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی،ضلعی افسران اور پولیس کو چھتوں اور مقامات کے معائنے کا اختیار تفویض کیاگیاہے۔
شہریوں کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی فیسٹیول کے لیے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کیاگیاہے جس کے مطابق خطرناک ڈور اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،شہریوں کی حفاظت کے لیے دھاتی، کیمیائی اور نیلون ڈور کا استعمال سختی سے منع ہے،لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو لازمی یقینی بنایا جائے،ہوائی فائرنگ اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے ساؤنڈ سسٹم پر پابندی ہوگی۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق ایئرپورٹ اور حساس تنصیبات کے قریب پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی،چھتوں کے مالکان حفاظتی انتظامات اور کسی بھی حادثے کے ذاتی ذمہ دار ہوں گے،پتنگ بازی کے لیے غیر محفوظ چھتوں کے استعمال پر سخت پابندی عائد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پتنگوں پر تصاویر اور گانوں پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
ڈپٹی کمشنر لاہورکے مطابق ثقافتی تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے، خطرناک ڈور کی خرید و فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، اورقانون شکن عناصر کے خلاف فوری ایف آئی آر اور سخت کارروائی ہوگی۔