ایران قواعد کی پاسداری کرے تو جوہری معاہدے میں شامل ہو جائیں گے،امریکا

Jan 29, 2021 | 11:38:AM
 ایران قواعد کی پاسداری کرے تو جوہری معاہدے میں شامل ہو جائیں گے،امریکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے کہا کہ اگر ایران قواعد کا پابند ہوتا ہے تو امریکہ نیوکلئیر معاہد ہ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے امریکہ کے دیرینہ حلیف اور شراکت دار ممالک کے ساتھ ملکر پیچیدہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ کر نے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس سے صدر جو بائیڈن کی جانب سے کی گئی اپنی نامزدگی کی منظوری کے بعد  ٹونی بلنکن جب محکمہ خارجہ آئے تو محکمے کے 30 نمائندہ حکام نے انکا استقبال کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے امریکی قیادت کی ضرورت ہے اور وہ اتحادی ممالک اور پارٹنرز کے ساتھ ملکر سفارت کاری کو اس مقصد کے لئے استعمال کریں گے۔اس سلسلے میں انہوں نے کرونا کی عالمی وبا، آب و ہوا میں تبدیلی، اقتصادی بحران، جمہوریتوں کو لاحق خطرات، نسلی انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد اور سلامتی اور عالمی استحکام کو امریکہ کے حریف ممالک کی طرف سے درپیش خطرات کا ذکر کیا۔بلنکن نے غیر جانبدارانہ اور شفاف طرز حکومت پر بھی زور دیا۔اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ خارجہ کے ملازمین کے ساتھ کسی ابہام کے بغیر بات کریں گے کیونکہ شفافیت ہم سب کو مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اختلاف رائے کو بھی سنیں گے کیونکہ ایسا کرنا بہترین فیصلہ سازی کو ممکن بناتا ہے۔

واضح رہےکہ امریکی سینیٹ نے بلنکن کی وزیر خارجہ کے طور پر جمعرات کے روز 22 کے مقابلے میں 78 ووٹوں کے ساتھ منظوری دی تھی۔ وہ امریکہ کے 71ویں وزیر خارجہ ہیں۔