چاہت فتح علی کو دھن سے متعلق کوئی مشورہ نہیں دے سکتا،اسرار شاہ
توقع نہیں تھی کہ شکرونڈاں اتنا ہٹ ہو جائے گا،اچھا مواد ہمیشہ اپنی جگہ خود بناتا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف گلوکاراورموسیقار اسرار شاہ کا کہنا ہے کہ چاہت فتح علی خان اچھے گلوکار نہیں اور میں انہیں دھن سے متعلق کوئی مشورہ نہیں دے سکتا کیونکہ وہ اسے سمجھ ہی نہیں پائیں گے۔
اسرار شاہ پاکستان کے معروف گلوکار اور موسیقار ہیں،افغان جلیبی، شکر ونڈاں، اور پری زادکے اوایس ٹی سمیت کئی سپرہٹ گانے ان کے کریڈٹ پرہیں،اُن کی منفرد آواز اور روحانی رنگ کوموسیقی کے دلدادہ افراد بہت پسندکرتے ہیں،اسرارشاہ حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے ذاتی زندگی، موسیقی اور وائرل فنکاروں کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسرار شاہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے محبت کی شادی کی،اُنہیں ہمیشہ سے علیزے نام پسند تھا اور جب اُن کی زندگی میں علیزے نامی پہلی لڑکی آئیں تو انہوں نے اسی سے شادی کرلی۔
اسرار شاہ نے بتایا کہ جب وہ اپنا مشہور گانا "افغان جلیبی" گنگنا رہے ہوتے ہیں تو اُن کے ذہن میں اپنی اہلیہ کا خیال ہوتا ہے۔
دھن کی آمد سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ ایک فطری عمل ہے جس کے لیے کسی خاص کلاس کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ یہ خدا کی طرف سے ایک عطا ہے،دنیا میں کئی لوگ ایسے ہیں جو اچھے گلوکار تو ہوتے ہیں لیکن وہ اچھی موسیقی تخلیق کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
اپنے مشہور گانے "شکر ونڈاں" کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ یہ اتنا ہٹ ہو جائے گا، مجھے اس وقت پتا چلا جب فیس بک پر میرے نام سے فین پیجز بننے لگے اور قریبی دوستوں نے بتایا کہ یہ میرے مداحوں نے بنائے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اسرار شاہ نے بتایا کہ وہ بچپن سے فوج میں جانا چاہتے تھے کیونکہ یہ اُن کے والد کی خواہش تھی،اُن کے ذہن میں فوجیوں کا ایک بہادر اور باوقار تصور تھا، اسی لیے انہوں نے بھرپور کوشش کی لیکن بدقسمتی سے کامیاب نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں:شادی کے بعد اداکاری چھوڑنے کے حوالے سے سونیاحسین کا اہم انکشاف
چاہت فتح علی خان سے متعلق سوال پر اسرار شاہ نے کہا کہ میں نے اُن سے کبھی ملاقات نہیں کی، لیکن اگر ملاقات کرنی پڑی تو ضرور کروں گا کیونکہ بعض اوقات انسان کو اپنی خواہش کے برخلاف بھی کچھ کرنا پڑتا ہے،چاہت فتح علی خان اچھے گلوکار نہیں ہیں، لیکن ان کی کامیابی کو موسیقی کی توہین نہیں کہا جاسکتا، آج کے دور میں ہر فنکار کو اظہار کا موقع مل رہا ہے اور سوشل میڈیا ہر شخص کے لیے ایک کھلا پلیٹ فارم ہے، میں چاہت کو دھن سے متعلق مشورہ نہیں دے سکتا کیونکہ وہ اسے سمجھ نہیں پائیں گے، لیکن میری دعا ہے کہ وہ خوش رہیں۔
اسرارشاہ نے مزید کہا کہ اچھا مواد ہمیشہ اپنی جگہ خود بناتا ہے، چاہے فن کسی بھی نوعیت کا ہو، اگر اس میں جان ہو تو لوگ ضرور اُس کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔