دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے پاکستانی فاسٹ باولنگ کمبی نیشن فائنل، عبید شاہ کی انٹری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محمد حماد) دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا فاسٹ باولنگ اٹیک کو حتمی شکل دے دی گئی، جس میں محمد عباس، محمد علی، خرم شہزاد، عامر جمال اور نوجوان فاسٹ باولر عبید شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کی تقریباً ڈیڑھ سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حماد بٹ کو اس دورے کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
20 سالہ عبید شاہ پہلی مرتبہ پاکستان کے سینئر ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا صلہ ملا ہے۔ عبید شاہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی ہیں۔
تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس کو ان کے وسیع تجربے کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 110 وکٹوں کا تجربہ رکھتے ہیں، جبکہ محمد علی بھی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ ستمبر 2024 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔
خرم شہزاد مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث ایک بار پھر ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، جبکہ عامر جمال سے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اہم کردار کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پانچ رکنی پیس اٹیک کو حتمی شکل دی ہے، جو دونوں اہم غیرملکی ٹیسٹ دوروں میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب اسمبلی میں آج بھی اپوزیشن کا ہنگامہ، احسن رضا کے خلاف تقریریں