آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے میں ن لیگ 9 نشستوں کے ساتھ سرفہرست،پیپلزپارٹی دوسرے نمبر پر

میرپورڈویژن کے 13 حلقوں کے مکمل غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج آگئے ہیں جس کے مطابق 9 حلقوں پر مسلم لیگ (ن) اور 4 حلقوں پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی

Jul 28, 2026 | 08:23:AM
آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے میں ن لیگ 9 نشستوں کے ساتھ سرفہرست،پیپلزپارٹی دوسرے نمبر پر
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں  برتری حاصل کرلی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا دوسرا نمبر ہے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے میر پور، کوٹلی اور بھمبر میں قائم 13 حلقوں پر پیر کو ووٹنگ ہوئی، 5 بجے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کے لیے ایک گھنٹہ اضافی دیا گیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوا۔ 

میرپورڈویژن کے 13 حلقوں کے مکمل غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج آگئے ہیں جس کے مطابق 9 حلقوں پر مسلم لیگ (ن) اور 4 حلقوں پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے 1 میرپور 1،  حلقہ ایل اے 4 میرپور 4، حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1، حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2، حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3، حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2، حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4، ،حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5، حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 سے ن لیگ کامیاب ہوئی ہے۔

حلقہ ایل اے 2 میرپور 2، ایل اے 3 میرپور 3،  حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1 اور حلقہ ایل اے 10 کوٹلی 3 سے پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔

مکمل نتائج 
حلقہ ایل اے 1 میرپور 1کے تمام 139 پولنگ اسٹیشنز کے  غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے اظہر صادق 15427 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔  پیپلزپارٹی کے محمد افسر شاہد 9832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 2 میرپور 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا اور یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12904 ووٹ لے کر میدان مارلیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 3 میرپور 3 کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11676 ووٹ لے کر  کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 4 میرپور 4 کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے ہیں جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20172 ووٹ لے کر جیت  گئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13865 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1  کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے وقار احمد نے تقریباً 700 ووٹوں کے فرق سے پیپلزپارٹی کے چوہدری پرویز اشرف کو شکست دی،مسلم لیگ ن کے وقار احمد نور 30259 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلزپارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 29574 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2 کے تمام 195 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد رزاق 32732 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 26718 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے ہیں جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35490 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1کے تمام 155 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے ظفر اقبال ملک 19535 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11966 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔

حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 کے تمام 178 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے اور یہاں سے مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم ووٹ 31080 لے کر جیت گئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28509 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 10 کوٹلی 3 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تمام 169 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 12431 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ن لیگ کے فتح محمود الحسن 9245 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4 کے تمام 206 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26190 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، پیپلزپارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21751 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے تمام 207 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنےآگئے جس کے مطابق ن لیگ کے محمد ریاست خان 35168 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جبکہ  پیپلزپارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30320 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 کے تمام 193 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 856 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے،استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 15 ہزار 859 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیرجسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہاکہ انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ آزادانہ اور شفافیت طریقے سے مکمل ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا، پولنگ پرامن ماحول میں مکمل ہوئی۔

غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ لوگوں نے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، سماہنی میں پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران امن وامان کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار مثالی رہا۔