صدر آصف علی زرداری  سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم کی ملاقات 

Jan 28, 2026 | 23:06:PM
صدر آصف علی زرداری  سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم کی ملاقات 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) صدر آصف علی زرداری  سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم کی  دبئی میں ملاقات میں   پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا کہ دبئی میں ہونے والی اس ملاقات میں   صدرِ مملکت نے ڈی پی ورلڈ کی پاکستان کے ساتھ مضبوط،  مسلسل شراکت داری اور ملک کے لاجسٹکس، بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے میں اس کے کردار کو سراہا۔  

ملاقات میں صدر آسٖ علی زرداری نے  کہا کہ حالیہ بین الحکومتی معاہدے دونوں جانب مضبوط عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ اقدامات بہتر روابط اور جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کو علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ حب کے طور پر قائم کرنے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔

 ڈی پی ورلڈ کے چئیرمین سلطان احمد بن سلیم  نے پاکستان کے سٹریٹجک جغرافیائی محلِ وقوع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا،  سمندری راستوں پر بڑھتے دباؤ کے  دور میں پاکستان ایک نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔  چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے براہِ راست زمینی روابط، بحیرۂ عرب تک رسائی  اور سڑک اور ریل کے ذریعے روابط  اسے علاقائی اور بین العلاقائی تجارتی بہاؤ کے مرکز میں لاتے ہیں۔

سلطان احمد بن سلیم  نے کہا،  پاکستان سمندر اور خشکی کے ذریعے دنیا کے اہم حصوں کو جوڑنے والا ایک قدرتی مرکز ہے۔  انہوں نے کہا،  متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے  دہائیوں پر محیط قابلِ اعتماد اور دیرپا تعلقات ہیں۔

صدرِ مملکت نے شراکت دار اداروں کو ادارہ جاتی سہولت کاری اور تیز تر منظوریوں کی فراہمی کے لئے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے  طویل المدتی تعاون کو مزیدگہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیئے: صدر آصف علی زرداری اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دبئی میں اہم ملاقات