ایران کے میزائل کو ریاض کی فضا میں بھی تباہ کردیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )ایران کی جانب سے سعودی عرب میں امریکی بیسز پر میزائل حملو ں کا سلسلہ جاری ہے، سعودی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے ریاض کی فضا میں ایک ایرانی میزائل کو تباہ کردیا ہے ۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ریاض کی جانب میزائل داغے جسے فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے فضا میں ہی ناکام بنا دیا، بیان میں ایرانی میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ ایسے حملوں کو کسی بھی جواز کے تحت درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ایران کو واضح طور پر آگاہ کردیا گیا تھا کہ سعودیہ اپنی فضائی حدود یا سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا تاہم اس یقین دہانی کے باوجود ایران نے سعودی عرب میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
سعودی حکام نے اس اقدام کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مملکت اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے، سعودی حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران میں متعدد مقامات پر تابڑ توڑ حملے کیے ہیں جن میں 75 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، اسرائیل نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے لڑکیوں کے پرائمری اسکول کو نشانہ بنایا جس میں طالبات اور عملے سمیت 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : عازمین حج کیلئے ویکسین لازمی قراردیدی گئی