فٹبال ورلڈ کپ کے بعد اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

Feb 28, 2023 | 14:14:PM
فٹبال ورلڈ کپ کے بعد اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا
کیپشن: مینز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں فرانس کے امباپے، کریم بینزیما اور لیونل میسی کے مابین سخت مقابلہ تھا
سورس: ٹوئٹر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) گزشتہ سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے کے بعد ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

لیونل میسی نے 2022ء کا فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا، انہوں نے یہ اعزاز دوسری بار حاصل کیا۔

پیر کو پیرس میں فیفا ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سال 2022ء کے بہترین کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

مینز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں فرانس کے امباپے، کریم بینزیما اور لیونل میسی کے مابین سخت مقابلہ تھا۔ تاہم میسی نے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

میسی کی کپتانی میں ارجنٹائن نے گزشتہ سال فیفا ورلڈ کپ جیتا جبکہ اسٹار فٹبالر نے اپنے ملک اور مختلف کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے سال 22-2021 میں 49 مقابلوں میں 27 گولز کیے۔

ایوارڈ جیتنے کے بعد  میسی نے کہا کہ ’یہ حیرت انگیز ہے، یہ ایک زبردست سال رہا، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں یہاں ہوں اور یہ ایوارڈ جیتا، ساتھی کھلاڑیوں کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا‘۔

میسی نے مزید کہا کہ میں نے اپنا خواب پورا کرلیا جس کی میں اتنے عرصے سے امید کر رہا تھا۔ بہت کم لوگ اسے حاصل کر پاتے ہیں اور میں خوش قسمت ہوں۔