صومالیہ کی سالمیت؛ پاکستان سب سے طاقتور حمایتی بن کر سامنےآگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اسرائیل کے صومالی لینڈ کو الگ ملک تسلیم کرنے کے بعد پاکستان صومالیہ کی سالمیت اور خودمختاری کے لئے سب سے طاقتور آواز بن کر سامنے آ گیا۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صومالیہ کی سالمیت اور خودمختاری کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو صومالیہ کے وزیرخارجہ عبدالسلام عبدی علی کا ٹیلیفون موصول ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے صومالیہ کے استحکام کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
صومالیہ کے وزیرخارجہ نے مستقل سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور سلامتی کونسل میں صومالیہ کے تحفظات اجاگر کرنے میں معاونت کی درخواست کی۔ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر صومالیہ کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسحاق ڈار اور صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عبدی علی کی دوبدو ملاقات 22 نومبر کو ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ سے مفید اور تعمیری تبادلۂ خیال کیا تھا،ملاقات میں پاکستان نے تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا، اسحاق ڈار نے علاقائی استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا تھا۔
اس سے پہلے۔۔۔
پاکستان کا صومالیہ کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت کرنے کا یہ چند روز میں دوسرا اعلان ہے۔دو روز پہلے پاکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اسرائیل کے "صومالی لینڈ" کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کرتا ہے اور اسرائیل کے اقدام کو صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش سمجھتاہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے رسمی بیان میں کہا کہ ایسی غیر قانونی اور اشتعال انگیز کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور نہ صرف صومالیہ کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن پر بھی اثر ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اقدام کو مسترد کرے اور اسرائیل کو خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے سے روکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور استحکام کی تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اسرائیل نے کیا کِیا؟
26 دسمبر کو اسرائیل نے صومالیہ کے ایک علاقہ "صومالی لینڈ" کو سرکاری طور پر ایک خود مختار ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا متنازعہ اقدام کیاْ۔ نام نہاد صومالی لینڈ کو اب تک کسی ملک نے آزاد ریاست کا درجہ نہین دیا، 26 دسمبر اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس مسئلہ نے بین الاقوامی سطح پر اہمیت اختیار کر لی۔ پاکستان صومالیہ کی سلامیت کا سب سے برٓ حامی بن کر سامنے آیا۔
اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے26 دسمبر کو اعلان کیا کہ اسرائیل نے صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر سرکاری طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نیتن یاہو، وزیرِ خارجہ اور نام نہاد صومالی لینڈ کے صدر نے مشترکہ اور باہمی اعلامیہ پر دستخط کیے، یہ اقدام دنیا بھر میں بالخصوص اسلامی ممالک میں انتہائی اشتعال انگیز اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نام نہاد صومالی لینڈ کئی دہائیوں سے اپنی آزادی کا دعویٰ کرتا رہا ہے لیکن عالمی برادری نے اسے تسلیم نہیں کیا۔
اسحاق ڈار کی مصر کے وزیر خارجہ سے صومالیہ کی سالمیت پر بات چیت
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر احمد محمد عبدالعتی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں صومالیہ کی سلامتی اور سالمیت کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر احمد محمد عبدالعتی نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے ساتھ خاص طور پر صومالیہ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ فریقین نے خطے میں درپیش چیلنجز اور امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیئے: اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار
یہ بھی پڑھیئے: اسرائیل کا صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان مسترد کرتے ہیں: پاکستان
یہ بھی پڑھیئے: اسحاق ڈار کی صومالیہ سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں
یہ بھی پڑھیئے: اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا عالمی امن کیلئے خطرہ، اعلان مسترد کرتے ہیں:او آئی سی
یہ بھی پڑھیئے: ڈونلڈ ٹرمپ نے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا