بھارت نے اپنی خفت مٹانے کیلئے پاکستانی چینلز پر پابندی عائد کی،عطا اللہ تارڑ

Apr 28, 2025 | 22:09:PM
بھارت نے اپنی خفت مٹانے کیلئے پاکستانی چینلز پر پابندی عائد کی،عطا اللہ تارڑ
کیپشن: عطا اللہ تارڑ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی شرمندگی اور خفت مٹانے کے لئے پاکستانی چینلز پر پابندی عائد کی،بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر ناکام ہو چکا ہے، پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا،پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے پر مدلل انداز میں پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے پاکستانی ٹی وی چینلز، صحافیوں و اینکر پرسنز کے یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بند کرنے کے اقدام پر ملکی میڈیا اداروں اور صحافیوں و اینکر پرسنز سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ،وفاقی وزیر اطلاعات کا قومی بیانیہ کے موثر دفاع پر پاکستانی میڈیا اور صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ حکومت قومی وقار کو بلند کرنے والے میڈیا اداروں اور صحافیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی،حکومت پاکستان ہر اس آواز کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو ملک کے وقار، سالمیت اور قومی بیانیہ کے فروغ میں معاون ہو، ان کا کہناتھا کہ بھارتی حکومت کا پاکستانی ٹی وی چینلز اور یوٹیوب پلیٹ فارمز پر قدغن لگانا صحافت کے عالمی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے، ایسے اقدامات سے حقائق کو دبایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی پاکستان کا موقف دنیا سے چھپایا جا سکتا ہے، حکومت متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر بھی بھارتی قدغنوں کے خلاف آواز بلند کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں قومی مفادات کو ترجیح دی اور انتہائی متوازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی مثال قائم کی،پاکستانی میڈیا نے حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں،پاکستانی صحافیوں اور اینکر پرسنز کی خدمات کو سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:نئی کارپاکستانی الیکٹرک’’مہران‘‘ بننے کیلئے تیار