توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان 11 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب

Sep 27, 2022 | 11:13:AM
توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کو 11 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا
کیپشن: عمران خان اور الیکشن کمیشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کو 11 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔

ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:بغاوت کا مقدمہ: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع

وکیل فیصل چوہدری نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کو لاہور ہائی کورٹ نے معطل کر دیا ہے، بہتر ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیا جائے۔

ممبر کے پی نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے موکل کو قانون اور آئین کا احترام نہیں کرنا چاہیے، کیا آپ کا موکل آئین و قانون سے مبرا ہے ؟ جس پر وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی قانون سے مبرا نہیں ہے، آپ پر بھی آرٹیکل 5 لاگو ہو سکتا ہے، الیکشن کمیشن کے قواعد کو بھی چیلنج کیا گیا ہے، میرے موکل الیکشن سمیت تمام آئینی اداروں کو تسلیم کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کے نوٹسز آئین و قانون کے مطابق نہیں ہیں۔

 ممبر کے پی نے استفسار کیا آپ کا موکل سابق وزیر اعظم ہے، آئینی اداروں کا احترام ان پر فرض ہے۔ جس پر وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ کمیشن کے حق میں فیصلہ دے تو میرے موکل ضرور پیش ہونگے، کچھ ایشوز ہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ اعتماد کا فقدان ہے، ہائی کورٹ میں 29 ستمبر کو سماعت ہے، آپ دل بڑا کر کے لمبی تاریخ دے دیں، جس پر ممبر کے پی نے کہا کہ دل بڑا ہو جائے تو انسان مر بھی سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ 11 اکتوبر کو تینوں رہنما ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔