عراق میں گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، خطے میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)عراق کے خود مختار کردستان ریجن میں گذشتہ رات ایک ڈرون حملے میں بڑے گیس کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پورے خطے کی بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔
مقامی حکام کے مطابق رات 11 بج کر 30 منٹ پر خُور مور گیس فیلڈ پر ڈرون نے حملہ کیا گیا جس کے بعد پاور پلانٹس کو گیس کی ترسیل مکمل طور پر بند ہوگئی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی “اے ایف پی” نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد سلیمانیہ سمیت پورے خطے میں بجلی بند ہوگئی،خُور مور گیس فیلڈ کرکوک اور سلیمانیہ کے درمیان واقع ہے اور یہ کردستان ریجن کو زیادہ تر بجلی فراہم کرتی ہے۔
ریجنل الیکٹرک اتھارٹی کے ترجمان عُمید احمد کے مطابق حملے سے 2 ہزار 600 میگاواٹ بجلی متاثر ہوئی، جو پورے خطے کے پاور گرڈ کا تقریباً 80 فیصد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ یو اے ای کی کمپنی ڈانا گیس کے ساتھ مل کر حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور گیس کی سپلائی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دلہن نے صدیوں پرانی روایت توڑ دی، منفرد انداز سوشل میڈیا پر وائرل
ایک مقامی سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ حملہ گیس اسٹوریج ٹینکس پر کیا گیا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ ہوا اور بڑی آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم عراق کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے کہا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کمانڈ کے مطابق “اس حملے کا مقصد ملک کی سیکیورٹی اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔”
ابھی تک کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
#BREAKING: Production at Sulaimani province’s Khor Mor gas field has been suspended following an explosion at the field - Source pic.twitter.com/RUzvoqWYTR
— Rudaw English (@RudawEnglish) November 26, 2025
عراق گزشتہ کئی برسوں سے ایسے حملوں کا شکار رہا ہے، خُور مور کمپلیکس پر اس سے قبل بھی متعدد بار کیٹیوشا راکٹ اور ڈرون حملے ہو چکے ہیں۔
اپریل 2024 میں اسی جگہ ایک ڈرون حملے میں چار یمنی کارکن ہلاک ہوگئے تھے،رواں سال کے آغاز میں بھی کردستان ریجن کے متعدد آئل فیلڈز پر نامعلوم ڈرون حملے ہوئے تھے۔
حکام نے بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے اور بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔