شر انگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی،بھگوڑوں کی جانب سےدعویٰ بے بنیاد ہے،محسن نقوی
پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جرأت مندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں،وفاقی وزیرداخلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شر انگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی،بھگوڑوں کی جانب سے ’ہلاکتوں‘ کا دعویٰ بے بنیاد ہے، اسلام آباد کی تمام سڑکیں کھول دی ہیں، محسن نقوی
محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا اور ڈی چوک پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے جوانوں کی جوانمردی کی تعریف کرتے ہوئے ڈی چوک اور دیگر علاقے کلیئر کرانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا،انہوں نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ لیا اور سڑکوں کی فوری صفائی کا حکم دیتے ہوئے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج کے مقاصد کیا تھے؟
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جرأت مندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں، پُرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم نےپمز کا دورہ کیا ،وفاقی وزیرداخلہ اور ڈی جی رینجرز پنجاب نے شرپسندوں کے حملے میں زخمی رینجرز۔ ایف سی اور پولیس افسران و جوانوں کی عیادت کی،وزیرداخلہ اور ڈی جی رینجرز پنجاب فردا فردا زخمی افسران و جوانوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیرداخلہ اور ڈی جی رینجرزپنجاب نے زخمی افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی جوانوں کے بہترین علاج معالجے کے لئے ڈاکٹرز کو ہدایات دیں۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ آپ قوم کے ہیرو ہیں،شرپسندوں کے عزائم ناکام بنائے،ہمیں آپ کی بہادری پر مان ہے،شرانگیزی کے باوجود آپ نے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی سڑکیں کھول دی گئی ہیں، 31 دسمبر کے بعد افغان شہری بغیر این او سی اسلام آباد کی حدود میں نہیں رہ سکیں گے۔ اسلام آباد میں رہنے کے خواہشمند افغان شہریوں کو ڈپٹی کمشنر سے این او سی لینا ہوگا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ہلاکتوں کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جب کہ صحافی وہاں خود موجود تھے اگر کوئی گولی چلتی تو ساری دنیا میں شور مچ جاتا، پی ٹی آئی والے خود پوری دنیا میں پھیلا دیتے، پولیس اہلکاروں کو اسلحہ تو دیا ہی نہیں دیا گیا تھا، ان کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بھگوڑے‘ کل جب سے وہاں سے بھاگے ہیں تو پروپیگنڈا شروع کر دیا کہ 33 لاشیں ایک اسپتال میں موجود ہیں،اگر کوئی مرا ہے تو ا س کا نام ہی بتا دیں، ہم نے جب پوچھا تو کسی اسپتال میں کوئی لاش نہیں تھی، ہمیں نام بتائیں، کون ، کس مقام پر مارا گیا، بعض لوگ پتھر لگنے سے زخمی ضرور ہوئے ہوں گے، پولیس اور فورسز کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں تاہم مظاہرین کی ہلاکتوں کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس مظاہرین پر آنسو گیس پھینک رہی تھی تو احتجاج کرنے والوں نے بھی شیل چلائے، ان لوگوں نے کتنے شیل چلائے وہ ہم بتا دیں گے۔