عمران خان اب بند گلی میں چلاگیا، نکلنے کا کوئی راستہ نہیں:مولانافضل الرحمان

Nov 27, 2022 | 19:41:PM
عمران خان,مولانافضل الرحمان,پی ڈی ایم,پی ٹی آئی
کیپشن: مولانا فضل الرحمان (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)حکومتی اتحاد پی ڈی ایم اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  2018 میں دھاندلی سے جعلی حکومت ملک پر مسلط کی گئی، نیب کے ذریعے سیاستدانوں کے خلاف مقدمات بنائے گئے، ملک میں سازش کا کوئی نام ہے تو وہ عمران خان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوہستان میں جلسے سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو انتقام سے فرصت نہیں ملی اس لئے معیشت بیٹھ گئی، ملکی معیشت کی بہتری کے لئے پی ٹی آئی حکومت کو ہٹانا ضروری تھا، کچھ لوگ سیاسی افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، اس سیاسی افراتفری سے معاشی عدم استحکام آیا،عمران خان کے جلسے میں درجہ چہارم کے سرکاری ملازمین کو لایا گیا، عمران خان اب بند گلی میں چلاگیا ہے، جہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں، استعفوں کی دھمکی دیتا ہے، اس نے استعفے پہلے بھی دیے تھے مگر واپس آیا تھا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے سازش ہوئی، سازش نہیں ہوئی ڈنکے کی چوٹ پر نکالا ہے، ہم نے عمران خان کو گریبان سے پکڑ کر اقتدار سے باہر کیا، ملک میں سازش کا کوئی نام ہے تو وہ عمران خان ہے، عمران خان نےدفاعی قوت کو بھی تقسیم کرنے کی سازش کی، عمران خان کہتا تھا اسلام آباد آؤں گا، آئے کیوں نہیں، تم اسلام آباد آکر تو دکھاؤ، ایک گولی لگنے کے بعد ایسا بھاگا گھر میں بھی بلٹ پروف شیشے لگارہا ہے, مجھ پر 3 خودکش حملے ہوئے مگر آج بھی عوام کے سامنے کھڑا ہوں،سازشی عناصر کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔