سندھ حکومت سے12 ارب روپے دلوانے پر بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں، میئر کراچی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں کہ سندھ حکومت سے بارہ ارب روپے دلوائے، اس رقم سے حب کینال تعمیر کی جارہی ہے جس سے چالیس ایم جی ڈی پانی زیادہ ملے گا، پھر ہم کے تھری کا پانی بہتر انداز میں دیگر علاقوں تک پہنچا سکیں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کے ایم سی سٹی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، پارلیمانی لیڈرز سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے،مرتضیٰ وہاب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ میں نے گزشتہ اجلاس میں کہا تھا کہ اس اجلاس میں واٹر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر یہاں موجود ہوں گے، میرے احکامات کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے دونوں افسران کے آرڈرز کو منسوخ کردیا۔
میئر کراچی نے کہا کہ کورٹ کو ری کال کرنے کیلئے ایمرجنسی درخواست کی ہے، ابھی فیصلہ نہیں آیا ہے۔ جو بھی اہم نکات ہوں گے وہ مسائل واٹر کارپوریشن کے افسران تک پہنچائیں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچنے والے چیف انجینئر بلک سید اعجاز احمد کو میئر کراچی نے اجلاس سے باہر بھیج دیا جس پر اپوزیشن لیڈر سیف الدین نے کہا کہ آپ انہیں باہر کیوں بھیج رہے ہیں، افسران کو اجلاس میں شرکت کرنے دیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ یہ متعلقہ افسر نہیں اسطرح تو تمام وال مینوں کو بھی یہاں بلا لیں۔ اگلے اجلاس میں کوشش ہوگی سی ای او اور سی او او یہاں موجود ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے تھری کی لائن سے پانی زیادہ چوری ہورہا تھا، اب اس لائن کو ایلیویٹڈ بنایا جارہا ہے تاکہ چوری کو روکا جاسکے، ادارے کا کنزیومر چودہ لاکھ ہے، بل محض پانچ لاکھ لوگوں کو ڈیلیور ہوتا ہے اور بل تو اس سے بھی کم لوگ دیتے ہیں۔ لوگ بل دیتے ہی نہیں جیسے پانی ملتا نہیں لیکن سوائے چند ٹیل کے علاقوں کے پانی دستیاب ہوتا ہے۔