سیالکوٹ؛دریائے چناب کے سیلابی ریلے 7افراد بہہ گئے،4کی لاشیں نکال لی گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(میاں اشفاق،رمضان مرزا،شیخ عثمان)سیالکوٹ میں دریائے چناب کے سیلابی ریلے میں7 افراد بہہ گئے، پانی میں پھنسے رشتے داروں کو لینے گیا نوجوان بھی لاپتا ہو گیا، بہہ جانے والے 7 افراد میں سے 5 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی جبکہ3 کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا، سندھ کے بعد پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں،بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعدپنجاب کے دریاؤںستلج، چناب اور راوی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔سیالکوٹ میں دریائے چناب کے سیلابی ریلے میں 7 افراد بہہ گئے، رشتے داروں کو لینے جانے والا نوجوان بھی لاپتہ ہو گیا،بہہ جانے والے افراد میں ماجرہ کلاں کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل ہیں،بہہ جانے والوں میں دو خواتین دو بچیاں اور ایک بچے سمیت دو مرد شامل ہیں۔
ماجران کلاں کی دو خواتین اور ایک بچی جبکہ ایک مرد کی لاش نکال لی گئی جبکہ 1 بچے سمیت تین مرد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔گاؤں سے باہر ڈیرہ پر رشتہ داروں کو لینے جانے والا شانی بھی لاپتہ ہے۔
دریائے چناب کے اوور فلو ہونے سے 50 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے،حکام کے مطابق 110 محصور افراد کو ریسکیو کر لیا گیا،شدید طغیانی کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصورہیں،شہر سے نکلنے والے تمام راستوں پر پانی جمع ہے۔
ادھرجھنگ میں دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، تریموں بیراج پر پانی کی مقدار 90 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈکی گئی ،ہیڈ مرالہ پر پانی کی مقدار کم ہوکر 3 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی،ہیڈ خانکی پر پانی کی مقدارِ 10 لاکھ 32 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی،ہیڈ قادر آباد پر پانی کی مقدار 10 لاکھ 77 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی، آئندہ 30 گھنٹے میں جھنگ میں پانی کے بڑے ریلے پہنچیں گے،موضع بیلہ جبانہ، موضع ٹوپہ بیلہ، مسن، کھڑکھن، علی حسن کے علاقوں سے انخلاء جاری ہے،سیلابی پانی سے دریائی علاقوں کے مکین مشکل میں آ گئے، رات میں بھی مکینوں کی جانب سے نقل مکانی جاری ہے۔
دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،کوٹ مومن میں 5 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئےضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہے،رات گئے مزید پانچ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزرنے کا امکان ہے،پاک فوج،پولیس،محکمہ صحت کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں،متاثرین کیلئے فلڈ ریلیف کیمپ لگا دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:آئندہ مزید45 روز بارشیں ہونگی،چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کر دیا