ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں: مریم نوازشریف

Mar 26, 2024 | 20:03:PM
ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں: مریم نوازشریف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤدلشاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر سی سی پی او بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ایم پی اے کے سلوک پرٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے اظہار ندامت کیا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے پورا واقعہ سنا۔

ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ہم روٹین کا گشت کررہے تھے، دو گاڑیاں گزر رہی تھیں ان کو روک کر چیک کیا، باغبانپورہ کے علاقے شادی پورہ میں گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کر روک کر چیک کیا، ایم پی اے نے اتر کر کہاکہ میں اس علاقے کاایم پی اے ہوں، آپ نے چیک کیوں کیاہے، میں نے ایم پی اے کو بتایا کہ میری ڈیوٹی ہے، میں نے اپنی ڈیوٹی کی ہے، کوئی بری بات نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں نے بینک لوٹ لیا،  عمریں جان کر آپ کے ہوش اُڑ جائیں

ٹرینی سب انسپکٹر نے مزید بتایا کہ ایم پی ا ے نے کہاکہ میرے علاقے میں مجھے روک کر چیک کرنے سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے، ایم پی اے نے مجھ سے سر عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

ٹرینی سب انسپکٹر سے واقع سننے کے بعد وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ میں اس واقعہ پر بہت شرمندہ ہوں، یاسر آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے،آپ نے کسی سے نہیں ڈرنا، ذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی، آپ کاکام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے، ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو، یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ آپ نے بالکل ٹھیک کیا اس بات پر دل چھوٹا نہ کریں، میں نے اپنے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دیاہے، ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، ایم پی اے کو شکایت تھی تو اسے میرے پاس آنا چاہیے تھا، انکوائری کے بعد ہم ایکشن لیتے، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں، ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے تاکہ باقی لوگوں کے لئے مثال بنیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ٹرانسفر کے بارے میں سی سی پی او سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا کوئی واقعہ ہو تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔
آخر میں مریم نوازشریف نے یاسر نصیب کو تلقین کی کہ ویری ویلڈن،اپنی ڈیوٹی اسی طرح کرنی ہے، کسی کوتنگ نہیں کرنا، انصافی نہیں کرنی۔