مریم نواز کا استعفیٰ مانگنے والے تم ہو کون؟ترجمان ن لیگ کا فوادچودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل

Jul 26, 2021 | 19:54:PM
مریم نواز کا استعفیٰ مانگنے والے تم ہو کون؟ترجمان ن لیگ کا فوادچودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل

(24 نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ مریم نواز شریف کا استعفیٰ مانگنے والے تم ہو کون؟جن کی اپنی کرسیاں ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں، انہیں استعفیٰ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے جن کی حکومت لوٹوں کی بےساکھیوں کے سہارے چل رہی ہو وہ اپنے گریبان میں جھانکیں جن کے اپنے منصب ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں انہیں استعفیٰ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہاکہ استعفیٰ دیں جنہوں نے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا، معیشت تباہ کی، عوام کو بے روزگار کیا، ملک کو مقروض کیا،جن کا استعفیٰ آنے والا ہے، وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں؟ 

ترجمان ن لیگ نے کہاکہ مریم نواز شریف کا استعفیٰ مانگنے والے تم ہو کون؟ استعفیٰ اب دیں گے آٹا چینی بجلی گیس دوائی ووٹ چور، استعفیٰ اب دیں گے کشمیر فروش ۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کی شفافیت کا یہ عالم ہے کہ جس وزیر کو نکالا، وزیراعظم ہیلی کاپٹر میں اسے ساتھ لے آیا جن کے جلسوں میں کشمیری نہ آئے، ڈبے ووٹ سے بھرکر ان کو ہی جتا دیاگیا ،ووٹ چور استعفیٰ دیں اور ایک بار ووٹ چوری کے بغیر الیکشن جیت کر دکھائیں ۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزرا کے جھوٹ بولنے سے پاکستان، گلگت بلتستان اور آزادجموں وکشمیر میں الیکشن چوری کی حقیقت نہیں بدلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات میں شکست پر مریم اوربلاول کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے ، فواد چودھری