دہشتگردی کی فنانسنگ میں بھارت خود بے نقاب ہو رہا ہے: حماد اظہر

Feb 26, 2021 | 15:59:PM
دہشتگردی کی فنانسنگ میں بھارت خود بے نقاب ہو رہا ہے: حماد اظہر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی تاریخ کا سب سے مشکل فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پلان دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج سے 2 سال پہلے ہم ایف اے ٹی ایف کے 2 نکات پر تھے، آج 24 نکات پر آگئے ہیں، پہلا ہدف تھا پاکستان کو بلیک لسٹ سے روکا جائے، الحمداللہ وہ ہدف حاصل کیا۔انہوں نے بتایا فیٹف نے کہا ہے کہ بلیک لسٹنگ پاکستان کے لیے اب آپشن نہیں رہا، اب فیٹف بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستان 90 فیصد اہداف پورے کر چکا ہے، تین اہداف رہ گئے ہیں، وہ بھی جلد پورے کرلیں گے۔

 حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہمارے پاس آپشن تھا کہ کورونا میں نا رپورٹ کریں لیکن کورونا کے سخت حالات میں بھی پاکستان نے اپنے اہداف پورے کیے، پاکستان دنیا کے مشکل ترین ٹاسک پر 90 فیصد عمل درآمد کرچکا ہے، سخت حالات کے باوجود پاکستان نے مثالی کام کیا ہے۔ حماد اظہر نے کہا قوم کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان سے بلیک لسٹنگ کا خطرہ ٹل چکا ہے، ہم فیٹف کے ایکشن پلان کو پورا کریں گے، کوشش ہے جون تک 27 نکات پورے کر لیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیٹف میں بھارت نے اپنے مذموم عزائم استعمال کرنے کی کوشش کی، بھارت نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی کوشش کی اور بے نقاب ہوا، دہشت گردی کی فنانسنگ میں بھارت اب خود بے نقاب ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی سے فنانسنگ کا تعلق ہے، اور دہشت گردی سے متعلق فنانسنگ پر جزوی عمل درآمد ہو چکا ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ گرے لسٹ کے باعث پاکستان پر کوئی پابندیاں عائد نہیں ہوئیں، باقی 3 نکات میں غیر سرکاری فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کی ریگولیشن شامل ہے، باقی 3 نکات پر عمل اور ٹیرر فنانسگ روکنے کے لیے مزید سخت اقدام کرنا ہوں گے۔حماد اظہر کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تفتیش کو مضبوط کرے گا، ہمیں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف تفتیش کے ٹھوس نتائج اور کالعدم تنظیموں کے افراد کے خلاف مالی پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا ایف اے ٹی ایف پلان مکمل ہونے پر پوری دنیا میں پاکستان کو مختلف نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔