سعودی عرب: ایک ماہ میں 11.9 ملین سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سعودی عرب میں ایک ماہ کے دوران11.9 ملین سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ (جمادی الآخر1447) میں مقدس مساجد میں نمازیوں اور زائرین کی مجموعی تعداد 68.7 ملین رہی جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2.1 ملین زیادہ ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں نمازیوں اور زائرین کی تعداد 30 ملین سے زیادہ رہی جبکہ 11.9 ملین افراد نے عمرہ ادا کیا، 94 ہزار سے زیادہ افراد نے حجر اسماعیل(الحطیم) میں نماز ادا کی۔
اعداد وشمار کے مطابق ایک ماہ میں مختلف ممالک سے سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 1.7 ملین سے زیادہ رہی۔
عمرہ زائرین کی آمد میں اضافہ سعودی عرب کی مستقل کوششوں کا حصہ ہے تاکہ حج و عمرہ کے نظام کو بہتر بنایا اور وژن 2030 کے اہداف حاصل کیے جائیں،اس میں دنیا کے مختلف حصوں سے مسلمانوں کو حرمین شریفین تک آسان رسائی فراہم کرنا، معتمرین کے لیے سفر کے آغاز سے واپسی تک ایک مکمل روحانی اور آرام دہ تجربہ یقینی بنانا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسجد نبوی کے مؤذن کی بستر مرگ پر دی گئی آخری اذان وائرل
رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی میں ایک ماہ کے دوران نمازیوں اور زائرین کی تعداد 23.1 ملین ریکارڈ کی گئی، روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں 1.3 ملین افراد نے نماز ادا کی جبکہ روضہ رسول پر حاضری دینے والوں کی تعداد 2.3 ملین رہی۔