سیکیورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے ٹھکانے پرکارروائی،3 دہشتگرد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور ، اویس کیانی)سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان میں بھارت کے حمایت یافتہ خوارج کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ تباہ کن حملہ روک دیا اور 3 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورتی فورسز نے 24 اکتوبر 2025 کو دہشتگردی کی ایک بڑی کارروائی ناکام بنا دی اور ایک ممکنہ تباہ کن حملہ روک لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قابل اعتماد خفیہ معلومات کی بنیاد پر اطلاع ملی تھی کہ بھارت کے حمایت یافتہ خوارج گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘شمالی وزیرستان کے علاقے جھلار میں ایک گاڑی کو خودکش حملے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں وہ گاڑی تباہ کر دی گئی جو خودکش حملے کے لیے تیار کی جا رہی تھی، جبکہ 3بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج بھی مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں تلاشی کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو بھی ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے ویژن کے تحت اپنی انسداد دہشت گردی مہم کو پوری قوت سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہماری بہادر افواج کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 3 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،3 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں،وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز پر عزم ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں ؛ ایک وزیرِاعظم ایسا بھی آیا تھا جس نے بھارتی حملے کے جواب میں کہا میں کیا کروں؟ احسن اقبال