ایتھوپین آتش فشاں کی راکھ انڈیا تک پہنچ گئی، متعدد پروازیں منسوخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )ایتھوپیا میں ہیلی گوبی آتش فشاں کے پھٹنے کی وجہ سے راکھ کے بادل آسمان پر کئی کلومیٹر اوپر دکھائی دے رہے ہیں، اس کے اثرات انڈیا تک محسوس کیے جا رہے ہیں، راکھ کا یہ بادل بحیرہ احمر کو عبور کر کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اس کا اثر زمین پر زیادہ محسوس نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ بادل بہت اونچائی پر ہوتے ہیں، لیکن یہ وہ بلندی ہے جہاں زیادہ تر مسافر طیارے پرواز کرتے ہیں۔
انڈیا کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے بتایا کہ متاثرہ اونچائی سطح سمندر سے 8.5 کلومیٹر (5.2 میل) اور 15 کلومیٹر کے درمیان بنتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ عارضی طور پر سیٹلائٹ آپریشنز اور فلائٹ آپریشنز کو متاثر کر سکتا ہے۔ لیکن اس سے موسمی حالات یا ہوا کے معیار یا آب و ہوا پر اثر انداز ہونے کا امکان نہیں ہے۔
مرتیونجے مہاپاترا کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کی راکھ پیر کی رات شمالی انڈیا تک پہنچی اور اب چین کی طرف بڑھ رہی ہے۔
اس کے نتیجے میں اب بہت سی بین الاقوامی اور ملکی پروازیں تاخیر یا منسوخ ہو گئی ہیں اور بہت سی پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا ہے،ملک کے ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے ایئر لائنز سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے ’بچنے‘ کی ہر ممکن کوشش کریں۔
یہ بھی پڑھیں :تھائی لینڈ میں بارشوں کا 300 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا